ایران سے خطرے کے پیشِ نظر امریکی طیارے برطانیہ کے دوسرے فوجی اڈے سے بھی منتقل
- آر اے ایف ملڈن ہال ایئربیس کو لاحق خطرے کی اصل نوعیت کے حوالے سے امریکی حکام کے درمیان تاحال غور و خوض جاری ہے، وال اسٹریٹ جرنل
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے معاملے سے واقف افراد کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ایران کی جانب سے لاحق خطرے کے بعد امریکی فوج نے پیر کو برطانیہ میں واقع اپنے ایک دوسرے فضائی اڈے سے بھی طیارے منتقل کردیے۔ یہ واقعہ اس کے چند ہفتوں بعد پیش آیا جب امریکہ نے ایران سے ممکنہ طور پر منسلک ایک سکیورٹی واقعے کے خدشے کے پیشِ نظر برطانیہ کے آر اے ایف فیئر فورڈ ایئربیس سے اپنے بمبار طیارے واپس بلالیے تھے۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کے دو فضائی ری فیولنگ ٹینکر طیارے جو برطانیہ کے آر اے ایف ملڈن ہال فوجی اڈے کو استعمال کررہے تھے، پیر کی صبح اپنا رخ تبدیل کرکے جرمنی چلے گئے جبکہ اسی اڈے پر موجود کئی دیگر ری فیولنگ ٹینکر طیاروں کو بھی دن کے بعد کے حصے میں جرمنی اور دیگر مقامات پر منتقل کردیا گیا۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق آر اے ایف ملڈن ہال ایئربیس کو لاحق خطرے کی اصل نوعیت کے حوالے سے امریکی حکام کے درمیان تاحال غور و خوض جاری ہے۔
برطانوی وزارتِ دفاع کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہم معمول کے طور پر دیگر ممالک کی سرگرمیوں پر تبصرہ نہیں کرتے۔ طیاروں اور دیگر فوجی وسائل کو آپریشنل ضروریات کے مطابق باقاعدگی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب پینٹاگون اور امریکی یورپی کمانڈ نے دفتری اوقات کے بعد رائٹرز کی جانب سے تبصرے کے لیے بھیجی گئی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔
ستمبر میں جنوب مغربی انگلینڈ میں واقع آر اے ایف فیئر فورڈ ایئربیس کے باہر ایک سکیورٹی واقعے کے سلسلے میں پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ بعد ازاں مزید دو افراد کو ایرانی انٹیلی جنس کی معاونت کرنے کے شبے میں حراست میں لیا گیا تھا۔
یہ واقعہ کن حالات میں پیش آیا، اس حوالے سے اب تک زیادہ تر تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں، تاہم اس واقعے نے عالمی سطح پر غیر معمولی توجہ حاصل کی کیونکہ یہ ایسے وقت پیش آیا جب امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے مغربی ممالک کی سلامتی پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے تشویش بڑھ رہی تھی۔ اس واقعے کے بعد امریکہ نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر فیئر فورڈ ایئربیس سے اپنے بی ون بمبار طیارے بھی واپس بلا لیے تھے۔
آر اے ایف فیئر فورڈ ایئربیس کو امریکی بمبار طیارے ایران پر حملے کرنے کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں۔
برطانوی وزیرِاعظم نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ آر اے ایف فیئر فورڈ میں ہونے والی سرگرمیوں کا ممکنہ طور پر ایران میں مربوط انتظام کیا گیا تھا، تاہم برطانیہ میں تعینات ایرانی سفیر نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔