ستمبر کیلئے بجلی 2 روپے 36 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری
- ستمبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ سابق واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور کے الیکٹرک کے تمام صارفین پر یکساں طور پر لاگو ہوگی
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ستمبر 2026 کے لیے سابق واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ایکس واپڈا ڈسکوز) اور کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں 2 روپے 36 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے جسے نومبر کے بجلی بلوں میں شامل کیا جائے گا۔
یہ اضافہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹیڈ (سی پی پی اے۔جی) کی جانب سے ابتدائی طور پر مانگے گئے 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ سے کم ہے۔ ریگولیٹری نے جانچ پڑتال کے دوران ایندھن کی لاگت، ترسیلی نقصانات اور ماہانہ حساب کتاب کے دیگر اجزا میں ردوبدل کے بعد ایڈجسٹمنٹ کی رقم کم کردی گئی۔
حکومت کی یکساں ٹیرف پالیسی کے تحت ستمبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ سابق واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور کے الیکٹرک کے تمام صارفین پر یکساں طور پر لاگو ہوگی، تاہم لائف لائن صارفین، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور پری پیڈ ٹیرف اختیار کرنے والے بجلی کے صارفین اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
نیپرا کے فیصلے کے مطابق یہ ایڈجسٹمنٹ انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج (آئی سی پی) کے تحت آنے والے بجلی کے استعمال پر بھی لاگو ہوگی۔
نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ ستمبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ نومبر 2026 کے بجلی کے بلوں میں شامل کی جائے۔ تاہم جن صارفین کے نومبر کے بل اس فیصلے کے نوٹیفکیشن سے قبل جاری ہوچکے ہوں، ان سے یہ ایڈجسٹمنٹ اگلے ماہ کے بلوں میں وصول کی جاسکتی ہے۔
ستمبر 2026 میں بل کیے گئے بجلی کے یونٹس کی بنیاد پر فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ صارفین کے بلوں میں الگ سے ظاہر کی جائے گی۔
سی پی پی اے۔جی نے 15 اکتوبر 2026 کو فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کی تھی، جس میں فی یونٹ اصل فیول چارجز کی مد میں 10 روپے 2 پیسے جبکہ ریفرنس فیول چارجز کی مد میں 7 روپے 45 پیسے لاگت ظاہر کی گئی تھی۔ اس طرح ایجنسی نے فی یونٹ 2 روپے 56 پیسے ایڈجسٹمنٹ کی درخواست کی تھی۔
نیپرا نے 29 اکتوبر 2026 کو عوامی سماعت کی، جس میں سی پی پی اے۔جی، نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی)، انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او)، پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی (پی پی ایم سی)، پاور ڈویژن، صارفین اور دیگر متعلقہ فریقوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سی پی پی اے۔جی نے نیپرا کو آگاہ کیا کہ ستمبر 2026 کے دوران بجلی کی پیداوار ریفرنس ٹیرف میں مقررہ اندازے کے مقابلے میں 0.98 فیصد زیادہ رہی۔
بجلی کی پیداوار کے مجموعی تناسب میں بھی نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں، جن میں درآمدی کوئلے پر انحصار بڑھنے جبکہ پن بجلی، مقامی کوئلے اور آر ایل این جی سے چلنے والے بجلی گھروں کی پیداوار میں کمی شامل ہے۔
درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداوار ریفرنس مکس میں مقررہ 1.14 ارب یونٹس کے مقابلے میں ستمبر کے دوران بڑھ کر 2.16 ارب یونٹس ہوگئی، جبکہ اس کی فی یونٹ ایندھن لاگت 11 روپے 78 پیسے سے بڑھ کر 17 روپے 23 پیسے ریکارڈ کی گئی۔
مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار 1.48 ارب یونٹس سے کم ہوکر 1.33 ارب یونٹس رہی، جبکہ اس کی فی یونٹ ایندھن لاگت 5 روپے 99 پیسے ریکارڈ کی گئی۔
پن بجلی کی پیداوار 5.05 ارب یونٹس سے کم ہوکر 4.83 ارب یونٹس ہوگئی جبکہ جوہری توانائی سے بجلی کی پیداوار بھی 2.11 ارب یونٹس کے مقابلے میں گھٹ کر 1.89 ارب یونٹس رہی۔
آر ایل این جی سے چلنے والے بجلی گھروں کی پیداوار ریفرنس مکس میں مقررہ 1.48 ارب یونٹس سے کم ہوکر ستمبر میں 0.80 ارب یونٹس رہی جبکہ اس کی فی یونٹ ایندھن لاگت 39 روپے 74 پیسے ریکارڈ کی گئی۔
گیس سے چلنے والے بجلی گھروں کی پیداوار 0.76 ارب یونٹس سے بڑھ کر 1.07 ارب یونٹس ہوگئی جبکہ ان کی فی یونٹ ایندھن لاگت بھی 10 روپے 42 پیسے سے بڑھ کر 13 روپے 4 پیسے ہوگئی۔
ریگولیٹر نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) اور فرنس آئل سمیت مہنگے ایندھن سے بجلی کی پیداوار پر فی یونٹ لاگت نمایاں طور پر زیادہ رہی۔ ایچ ایس ڈی سے بجلی کی پیداوار کی فی یونٹ لاگت 62 روپے 14 پیسے جبکہ فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 44 روپے 86 پیسے ریکارڈ کی گئی۔
سماعت کے دوران متعلقہ فریقوں نے مقامی کوئلے کے مقابلے میں درآمدی کوئلے کے استعمال ، ایچ ایس ڈی اور آر ایل این جی سے بجلی کی زیادہ پیداواری لاگت، ترسیلی نقصانات اور ایندھن کی لاگت کے صارفین پر اثرات پر سوالات اٹھائے۔
سی پی پی اے۔جی نے مؤقف اختیار کیا کہ بجلی گھروں کو سسٹم آپریٹر کی جانب سے اکنامک میرٹ آرڈر کے مطابق آپریشنل رکاوٹوں اور نظام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے چلایا جاتا ہے۔
ادارے نے یہ بھی واضح کیا کہ ایچ ایس ڈی اور فرنس آئل سمیت پٹرولیم مصنوعات پر لیویز عائد کرنا وفاقی حکومت اور پیٹرولیم ڈویژن کا اختیار ہے، سی پی پی اے۔جی کا نہیں۔
نیپرا نے ستمبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کا تعین کرتے ہوئے کئی ردوبدل کیے۔
ریگولیٹر نے سی پی پی اے۔جی کے دعوؤں کا منظور شدہ فیول کاسٹ اجزا سے تقابل کرنے کے بعد بعض بجلی گھروں کے ایندھن کے اخراجات میں کمی کی۔ نیپرا نے گزشتہ ادوار کی 5 ارب 75 کروڑ 90 لاکھ روپے کی ایڈجسٹمنٹس کا بھی جائزہ لیا، جن میں سابقہ مہینوں کے اصل اعدادوشمار کے مطابق ردوبدل اور آر ایل این جی سے چلنے والے بجلی گھروں کو مقامی گیس کی فراہمی میں کمی سے متعلق ایڈجسٹمنٹس شامل تھیں۔
آر ایل این جی سے چلنے والے بجلی گھروں کے حوالے سے سی پی پی اے۔جی نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے منظور کردہ خصوصی انتظام کے تحت ایس این جی پی ایل کی جانب سے فراہم کردہ مقامی گیس کی مد میں 10 ارب 61 کروڑ 70 لاکھ روپے کی منفی ایڈجسٹمنٹ طلب کی تھی۔
اس انتظام کے تحت یکم اپریل سے 31 اکتوبر 2026 تک درآمدی آر ایل این جی کے متبادل کے طور پر آر ایل این جی سے چلنے والے بجلی گھروں کو فراہم کی جانے والی مقامی گیس کی قیمت 2 ہزار روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی تھی۔
نیپرا نے مشاہدہ کیا کہ مطلوبہ بجلی گھر وار تفصیلات اور حساب کتاب فراہم نہیں کیا گیا۔ تاہم، یہ دیکھتے ہوئے کہ مجوزہ ایڈجسٹمنٹ سے صارفین کو زیادہ ریلیف ملے گا، ریگولیٹر نے عارضی طور پر 10 ارب 61 کروڑ 70 لاکھ روپے کی منفی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دے دی اور سی پی پی اے۔جی کو ہدایت کی کہ آئندہ ماہانہ ایف سی اے درخواست کے ساتھ متعلقہ تفصیلات اور دستاویزی حسابات جمع کرائے۔
اتھارٹی نے نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) اور سی پی پی اے۔جی کی جانب سے رپورٹ کیے گئے ترسیلی اور تبدیلی کے نقصانات کا بھی جائزہ لیا۔ این جی سی نے مجموعی طور پر 427.921 گیگا واٹ آور نقصانات رپورٹ کیے، جن میں پی ایم ایل ٹی سی ایچ وی ڈی سی لائن سے متعلق 51.894 گیگا واٹ آور نقصانات بھی شامل تھے۔
نیپرا نے 500 کے وی اور 220 کے وی نیٹ ورک کے لیے قابل اطلاق ترسیلی نقصانات کی حد منظور شدہ 2.50 فیصد مقرر کی جبکہ پی ایم ایل ٹی سی ایچ وی ڈی سی لائن کے لیے 4.3 فیصد تک نقصانات کی اجازت دی۔
ریگولیٹر نے کہا کہ اگر این جی سی مالی سال کے اختتام تک مجموعی بنیاد پر نقصانات کی مقررہ حد کے اندر رہی تو ستمبر کی ایف سی اے میں کی گئی کٹوتیوں کے اثرات بعد میں مثبت ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے منظور کیے جاسکتے ہیں۔
نیپرا نے نیٹ میٹرنگ اور چھوٹے بجلی پیدا کرنے والوں اور کیپٹو پاور پروڈیوسرز کے ساتھ دوطرفہ معاہدوں کے تحت خریدی گئی بجلی کا بھی جائزہ لیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026