✕
کاروبار اور معیشت

پاکستان ریفائنری لمیٹڈ: طارق کرمانی کے استعفے کے بعد آفتاب حسین عبوری چیئرمین مقرر

  • یہ تقرری طارق کرمانی کی صحت کی وجوہات کی بنا پر مستعفی ہونے کے بعد عمل میں آئی
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان ریفائنری لمیٹڈ (پی آر ایل) نے طارق کرمانی کے استعفے کے بعد آفتاب حسین کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کا عبوری چیئرمین مقرر کردیا ہے۔

پی آر ایل نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جمع کرائی گئی فائلنگ میں اس تقرری سے آگاہ کیا۔

کمپنی کے نوٹس کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 14 اکتوبر 2026 کو سرکولر قرارداد کے ذریعے آفتاب حسین کی عبوری چیئرمین کے طور پر تقرری کی منظوری دی جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

یہ تقرری پی آر ایل کے چیئرمین اور ڈائریکٹر طارق کرمانی کے صحت کی وجوہات کی بنا پر مستعفی ہونے کے بعد عمل میں آئی ہے۔

پی آر ایل کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق، آفتاب حسین 2011 سے 2019 تک کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ اس وقت پی آر ایل اور پاکستان پیٹرولیم انسٹیٹیوٹ کے بورڈز کے رکن ہیں۔ اس سے قبل وہ پاکستان آئل فیلڈز سے وابستہ کمپنی پارکو اور پاک گیس مینوفیکچرنگ کمپنی لمیٹڈ (پی جی ایم سی ایل) کے بورڈز میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

آفتاب حسین کیمیکل انجینئر ہیں اور انہوں نے کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) سے ماسٹرز اِن پبلک ایڈمنسٹریشن (ایم پی اے) کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ انہیں آئل ریفائننگ کے شعبے میں 45 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ پی آر ایل میں آپریشنز، تکنیکی امور اور تجارتی سرگرمیوں سمیت مختلف شعبوں کی قیادت کر چکے ہیں۔

آفتاب حسین تیل کی قیمتوں کے تعین کے طریقۂ کار، ڈی ریگولیشن، ریفائنری سے متعلق امور اور ریفائننگ پالیسی 2023 کی تیاری کے لیے قائم مختلف کمیٹیوں اور ورکنگ گروپس میں بھی شامل رہے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے حکومتِ پاکستان کی وزارتِ توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔