✕
پاکستان

بحرین کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان، تجارت و دفاع پر بات چیت ہوگی

  • مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی تعلقات کے مختلف امور زیر بحث آئیں گے
شائع اپ ڈیٹ

بحرین کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی 7 سے 8 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے جہاں وہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے پاکستانی حکام سے بات چیت کریں گے۔

دفتر خارجہ نے بدھ کو بتایا کہ مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی تعلقات کے مختلف امور زیر بحث آئیں گے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور بحرین کے وزیرِ خارجہ پاکستان، بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے.

دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں فریق دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں جن میں تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، دفاع و سیکیورٹی، محنت و افرادی قوت اور ثقافتی تبادلے شامل ہیں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزارت خارجہ کے مطابق وزرا علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفت کے ساتھ کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترکہ مذہبی عقائد، مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور عوامی سطح پر دیرینہ روابط پر مبنی قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں باقاعدگی سے اعلیٰ سطح کے روابط اور قریبی تعاون برقرار رکھتے ہیں۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات میں مضبوط پیشرفت کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کو آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔