شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک
- دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے لیے سکیورٹی فورسز کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، صدر و وزیراعظم
شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سرکاری میڈیا ریڈیو پاکستان نے جمعہ کو سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ سیکیورٹی فورسز نے بھرپور عزم اور جنگی مہارت کے ساتھ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا تعاقب کیا اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ایک بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے آپریشن میں 7 خوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
آصف علی زرداری نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف منظم کارروائیاں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی عزم کی عکاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا جو لائقِ تحسین ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی شاندار کارکردگی ملکی امن و سلامتی کی ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام دہشت گرد عناصر کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔