✕
پاکستان

پاکستان کا غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی مصنوعات پر برطانیہ کی پابندی کا خیرمقدم

  • غیر قانونی بستیوں کی توسیع بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے اور دو ریاستی حل کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے، دفتر خارجہ
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے آنے والی اشیا پر برطانیہ کی پابندی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدام قابلِ تحسین ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں غیر قانونی بستیوں کی مسلسل توسیع بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ایسی کارروائیاں دو ریاستی حل اور خطے میں امن و استحکام کے حصول کی عالمی کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔

پاکستان نے کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، اسپین اور سویڈن سمیت دیگر ممالک کی جانب سے بھی غیر قانونی بستیوں کے خلاف اسی نوعیت کے اقدامات پر غور کرنے کے اعلانات کا خیرمقدم کیا۔

اسلام آباد نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی کارروائیوں کو مسترد کرنے کے حوالے سے واضح اور دوٹوک پیغام دیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ماضی کی طرح آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

پاکستان نے 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک خودمختار، آزاد اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔