✕
کاروبار اور معیشت

یونٹی فوڈز کے حصص میں ان سائیڈر ٹریڈنگ، ایس ای سی پی نے تحقیقات کا آغاز کردیا

  • ریگولیٹر کی جانب سے جاری نوٹسز کے مطابق یونٹی فوڈز کے حصص میں غیر معمولی کاروباری سرگرمی سے متعلق جوابات اور ریکارڈ طلب کیے گئے ہیں
شائع اپ ڈیٹ

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں لسٹڈ کمپنی یونٹی فوڈز لمیٹڈ کے حصص میں مبینہ ان سائیڈر ٹریڈنگ اور غیر معمولی لین دین کی تحقیقات تیز کردی ہیں اور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سمیت 4 افراد کو جمعرات کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کرلیا ہے۔

ایس ای سی پی نے یونٹی فوڈز کے چیف ایگزیکٹو محمد فرخ، صفدر سجاد، فہمیدہ امین اور حنا صفدر کو حتمی نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ 3 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوں۔

ریگولیٹر کی جانب سے جاری نوٹسز کے مطابق یونٹی فوڈز کے حصص میں غیر معمولی کاروباری سرگرمی سے متعلق جوابات اور ریکارڈ طلب کیے گئے ہیں۔ محمد فرخ سے کمپنی کے ان حصص کا مکمل ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے جو بینکوں کے پاس رہن رکھے گئے ہیں۔

صفدر سجاد، فہمیدہ امین اور حنا صفدر سے یونٹی فوڈز کے حصص کی خرید و فروخت کی وضاحت طلب کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ ٹریڈنگ ریکارڈ اور معاون دستاویزات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق چاروں افراد کو 31 اگست کو تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کے لیے طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے، جس کے بعد انہیں حتمی نوٹس جاری کیے گئے۔

ایس ای سی پی نے بتایا کہ یونٹی فوڈز کے حصص میں ٹریڈنگ کی باضابطہ تحقیقات 2 جون سے جاری ہیں، جو سیکیورٹیز ایکٹ 2015 کی دفعہ 139 کے تحت کی جارہی ہیں۔

تحقیقات کے دوران کمپنی کے حصص میں ہونے والے غیر معمولی لین دین اور سیکیورٹیز قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے یونٹی فوڈز لمیٹڈ کی سابق انتظامیہ کے خلاف مبینہ مالی بے ضابطگیوں پر فوجداری مقدمہ درج کیا تھا۔ یہ کارروائی ایس ای سی پی کی تحقیقات کے بعد عمل میں آئی، جس میں شائع شدہ مالیاتی کھاتوں اور اندرونی ریکارڈ کے درمیان تقریباً 44.7 ارب روپے کے فرق کی نشاندہی ہوئی تھی۔

یونٹی فوڈز لمیٹڈ پاکستان میں 1991 میں پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم ہوئی اور بعد ازاں 16 جون 1991 کو اسے پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کردیا گیا۔

کمپنی نے ابتدائی طور پر ٹیکسٹائل کے شعبے میں طحہ اسپننگ لمیٹڈ کے نام سے کام شروع کیا، تاہم اسے آپریشنل نقصانات اور مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد اس نے اپنی بنیادی کاروباری سرگرمی تبدیل کرتے ہوئے نئے نام یونٹی فوڈز کے تحت خوردنی تیل کی پیداوار، ریفائننگ اور متعلقہ کاروبار شروع کیے۔