دنیا
حوثیوں کا موخا پر حملہ، 7 افراد جاں بحق، 30 زخمی
- یمنی فوج نے پیر کی صبح جاری بیان میں کہا کہ مسلح افواج کے 4 اہلکار اور 3 شہری جاں بحق ہوئے، جبکہ 30 دیگر افراد زخمی ہوئے
یمنی فوج نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر کے ساحلی شہر موخا میں حوثیوں کے حملے کے نتیجے میں فوجی اہلکاروں اور شہریوں سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 30 دیگر زخمی ہوگئے۔
یمنی فوج نے پیر کی صبح جاری بیان میں کہا کہ مسلح افواج کے 4 اہلکار اور 3 شہری جاں بحق ہوئے، جبکہ 30 دیگر افراد زخمی ہوئے۔
فوج کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے حملے میں حصہ لینے والے حوثیوں کے 11 ڈرونز کو روک کر مار گرایا۔
حوثیوں سے وابستہ ٹی وی چینل المسیرہ کی جانب سے نشر کی گئی فوٹیج میں متعدد بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے داغے جانے کے مناظر دکھائے گئے۔
حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ حملوں میں سعودی فوجیوں کی موجودگی اور ہتھیاروں کے گوداموں کو نشانہ بنایا گیا۔
یمنی فوج نے کہا کہ حوثیوں کے حملوں میں موخا کے رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔