گندھارا ٹائر کمپنی کو خلیج کے چھ ممالک میں برآمدات کی منظوری مل گئی
- عالمی معیار کے مطابق اپنی بین الاقوامی موجودگی کو بڑھانے اور اعلیٰ معیار کی مصنوعات فراہم کرنے پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے، کمپبنی
گندھارا ٹائر اینڈ ربڑ کمپنی لمیٹڈ (جی ٹی وائے آر) کو گلف اسٹینڈرڈائزیشن آرگنائزیشن (جی ایس او) سے سرٹیفکیشن مل گیا ہے جس کے بعد کمپنی اپنی ٹائر مصنوعات خلیج تعاون کونسل (جی سی سی ) کے چھ رکن ممالک کو برآمد کرسکے گی۔
لسٹڈ کمپنی نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے اس پیشرفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ہمیں اپنے معزز شیئر ہولڈرز کو یہ اطلاع دیتے ہوئے خوشی ہے کہ جی ٹی آر ٹائرز کو گلف اسٹینڈرڈائزیشن آرگنائزیشن کی جانب سے باضابطہ طور پر منظوری اور سرٹیفکیشن دے دی گئی ہے۔
ٹائر بنانے والی کمپنی نے کہا کہ اس کامیابی کی بدولت کمپنی جی ایس او کے رکن ممالک یعنی بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں اپنی ٹائر مصنوعات برآمد کرسکے گی۔
مزید کہا گیا کہ یہ پیشرفت کمپنی کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کے برآمدی پورٹ فولیو کو وسعت دینے، نئی بین الاقوامی منڈیوں تلاش کرنے اور عالمی ٹائر انڈسٹری میں اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنے کے اس کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
کمپنی نے کہا کہ وہ عالمی معیار کے مطابق اپنی بین الاقوامی موجودگی کو بڑھانے اور اعلیٰ معیار کی مصنوعات فراہم کرنے پر پوری طرح توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔
گندھارا ٹائر اینڈ ربڑ کمپنی لمیٹڈ کی بنیاد 1963 میں کمپنیز ایکٹ 1913 کے تحت ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رکھی گئی تھی جسے بعد میں پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کر دیا گیا۔ اس کا سابقہ نام دی جنرل ٹائر اینڈ ربڑ کمپنی تھا۔
کمپنی کا بنیادی کاروبار گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے لیے ٹائروں اور ٹیوبوں کی تیاری اور تجارت ہے۔
جی ٹی وائی آر اس وقت ایس یو وی اور کراس اوور کے شعبوں کے لیے ٹائروں کے نئے سائز متعارف کروا کر اپنے پروڈکٹ پورٹ فولیو کو متنوع بنا رہا ہے اور اس کا مقصد برآمدی فروخت میں اضافہ کرنا ہے۔