دنیا

ٹرمپ نے زیلنسکی اور نیتن یاہو سے ملاقاتوں کو مثبت قرار دے دیا

  • ملاقات سے قبل ٹرمپ نے نیتن یاہو پر برہمی کا اظہار بھی کیا تھا
شائع اپ ڈیٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ یوکرین کے صدر وولودی میر زیلنسکی اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ان کی ملاقاتیں مثبت رہیں۔

دونوں رہنما واشنگٹن میں امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کی یادگاری تقریب میں شرکت کے لیے موجود تھے۔ ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم، جو رواں ماہ انتقال کر گئے تھے، اسرائیل اور یوکرین کے مضبوط حامی سمجھے جاتے تھے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر الگ الگ مختصر پیغامات میں کہا کہ دونوں رہنماؤں سے مختلف اہم موضوعات پر بات چیت ہوئی، تاہم انہوں نے تفصیلات نہیں بتائیں۔

نیتن یاہو سے ملاقات کے بارے میں ٹرمپ نے لکھا کہ بہت اچھی ملاقات رہی! ظاہر ہے کہ کئی اہم موضوعات پر بات ہوئی۔

ملاقات سے قبل ٹرمپ نے نیتن یاہو پر برہمی کا اظہار بھی کیا تھا اور شکایت کی تھی کہ ایران سے متعلق نیتن یاہو کے مجوزہ نکاتِ گفتگو پہلے ہی عوامی سطح پر سامنے آ گئے تھے۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں بھی ہوئی جب اکتوبر سے نافذ غزہ جنگ بندی کی متعدد بار خلاف ورزیاں ہو چکی ہیں۔

نیتن یاہو نے ٹرمپ کے ساتھ اپنی ملاقات کو بہترین قرار دیا۔

ادھر صدر زیلنسکی نے بھی ٹرمپ سے ملاقات کی، جس میں یوکرین میں پیٹریاٹ میزائل انٹرسیپٹرز کی تیاری اور روس کے ساتھ امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔

ٹرمپ نے زیلنسکی سے ملاقات کے بارے میں بھی لکھا کہ بہت سے امور پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات بہت اچھی رہی۔ جبکہ زیلنسکی نے بھی اسے اچھی ملاقات قرار دیا۔