ایران جانے والے آئل ٹینکر پر امریکی حملہ، جہاز روک دیا گیا
- سینٹ کام نے ٹینکر کی شناخت کیوراساؤ کے پرچم بردار ایم/ٹی بیلما کے طور پر کی۔
امریکی فوج نے کہا ہے کہ بدھ کے روز ایک امریکی طیارے نے ایک خالی آئل ٹینکر پر فائرنگ کر کے اسے ناکارہ بنا دیا، جب وہ ایران کی بندرگاہوں پر عائد بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ طیارے نے جہاز کی چمنی (اسموک اسٹیک) پر ہیل فائر میزائل داغ کر اسے ناکارہ بنا دیا۔ بیان کے مطابق یہ جہاز اب ایران کی جانب سفر نہیں کر رہا۔
سینٹ کام نے ٹینکر کی شناخت کیوراساؤ کے پرچم بردار ایم/ٹی بیلما کے طور پر کی۔
امریکا کی جانب سے منگل کی رات کو ایران کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی دوبارہ نافذ کرنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بحری جہاز کو طاقت سے روکا گیا ہے۔
سینٹ کام نے مزید بتایا کہ ناکہ بندی کے نفاذ کے پہلے 24 گھنٹوں کے دوران دو ایسے تجارتی جہازوں کا رخ بھی موڑ دیا گیا جو احکامات کی تعمیل کر رہے تھے۔
سینٹ کام کے مطابق امریکی افواج نے اس سے قبل 13 اپریل سے 18 جون تک بھی ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کی تھی، جس دوران نو بحری جہازوں کو ناکارہ بنایا گیا جبکہ 140 سے زائد جہازوں کا رخ موڑ دیا گیا تھا۔