کویت، بحرین کا ایرانی حملے ناکام بنانے کا دعویٰ
- ایران نے کویت میں امریکی اہداف جبکہ بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کو الگ الگ حملوں میں نشانہ بنایا
خلیجی ریاستوں کویت اور بحرین نے بدھ کے روز تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ایران کی جانب سے کیے گئے تازہ فضائی حملوں کو ناکام بنا دیا ہے، جبکہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان آبنائے ہرمز کے کنٹرول پر جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
کویتی فوج نے بتایا کہ اس نے ایرانی ڈرون حملوں کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کر دیا اور ان کارروائیوں کو ”ایران کی مذموم جارحیت“ قرار دیا۔ بعد ازاں بحرینی فوج نے بھی کہا کہ اس نے ”ایران کے متعدد غدارانہ فضائی حملوں کو کامیابی سے ناکام بنا کر تباہ کر دیا۔“
علی الصبح بحرین کی وزارتِ داخلہ نے خطرے کے سائرن بجا دیے اور شہریوں و رہائشیوں کو پرسکون رہنے کے ساتھ قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، امریکی حملوں کے جواب میں ایران نے کویت میں امریکی اہداف جبکہ بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کو الگ الگ حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔