کاروبار اور معیشت

پلگ اینڈ پلے پاکستان میں آپریشنز شروع کرے گی، ایل او آئی پر دستخط

  • وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے پلگ اینڈ پلے ٹیک سینٹر کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر سعید امیدی کی ملاقات
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان کے اسٹارٹ اپ سیکٹر کے لیے ایک اہم پیشرفت میں حکومت نے سلیکون ویلی کے معروف اسٹارٹ اپ انوویشن پلیٹ فارمز میں سے ایک پلگ اینڈ پلے ٹیک سینٹر کے ساتھ لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے ہیں جس سے اس کمپنی کے پاکستان میں اپنے آپریشنز شروع کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

سرکاری بیان کے مطابق یہ پیشرفت وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور پلگ اینڈ پلے ٹیک سینٹر کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر سعید امیدی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی جس میں پاکستان کے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے اور اس کے کاروباری افراد کو عالمی انوویشن نیٹ ورکس سے جوڑنے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پلگ اینڈ پلے ٹیک سینٹر نے پاکستان کے ساتھ شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی صفِ اول کی جامعات سے وابستہ 300 تک اسٹارٹ اپس کی ترقی میں معاونت، پاکستانی کاروباری افراد کو اپنے 600 سے زائد عالمی کارپوریٹ شراکت داروں سے جوڑنے اور اسٹارٹ اپس کو پروڈکٹ مارکیٹ فِٹ حاصل کرنے، سرمایہ کاری جذب کرنے اور اپنی بنیادی سرگرمیاں پاکستان میں برقرار رکھتے ہوئے عالمی سطح پر توسیع میں مدد فراہم کرنا چاہتا ہے۔

دستخط شدہ لیٹر آف انٹینٹ کے تحت پلگ اینڈ پلے ٹیک سینٹر کے پاکستان میں آپریشنز کے قیام کی بنیاد رکھ دی گئی ہے جبکہ کمپنی کے مجوزہ دفاتر اسلام آباد اور کراچی میں قائم کیے جائیں گے۔ کمپنی نے ترکیہ، سعودی عرب، اٹلی، جرمنی اور دیگر کئی ممالک میں کامیابی سے نافذ کیے گئے اپنے شراکت داری کے ماڈلز بھی شیئر کیے۔

بیان کے مطابق مجوزہ شراکت داری کے تحت لیٹر آف انٹینٹ پاکستانی اسٹارٹ اپس کے لیے عالمی سطح کے ایکسیلیریشن پروگرامز تک رسائی آسان بنانے، جدت طرازی، کاروباری سرگرمیوں اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ترقی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ پلگ اینڈ پلے کے عالمی نیٹ ورک کے ذریعے سرمایہ کاری، مینٹورشپ اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے نئے مواقع بھی فراہم ہونے کی توقع ہے۔

سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تاریخی تعاون نوجوان جدت پسندوں کو بااختیار بنانے، عالمی ٹیکنالوجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور پاکستان کو ایک مسابقتی، علم پر مبنی اور جدت پسند معیشت کے طور پر مستحکم کرنے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو اپنی نوجوان باصلاحیت افرادی قوت، کم لاگت مگر اعلیٰ صلاحیت رکھنے والے انجینئرنگ ورک فورس اور ڈیجیٹل و آئی ٹی مہارتوں کی ترقی میں حکومت کی مسلسل سرمایہ کاری کی بدولت نمایاں مسابقتی برتری حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو درست بین الاقوامی شراکت داریاں میسر آئیں تو ملک کا تیزی سے فروغ پاتا اسٹارٹ اپ کلچر خطے میں ایک بڑے جدت طرازی کے مرکز کے طور پر ابھرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔