✕
مارکٹس

آبنائے ہرمز سے آئل ٹینکرز کی آمدورفت بحال، خام تیل کی قیمتوں میں ہفتہ وار بڑا نقصان

  • برینٹ کروڈ کے مستقبل کے سودے 2.61 ڈالر یا 3.47 فیصد کمی کے ساتھ 72.65 ڈالر فی بیرل پر آگئے
شائع اپ ڈیٹ

عمان کے قریب ایک مال بردار جہاز پر حملے کے باوجود آبنائے ہرمز سے پھنسے ہوئے آئل ٹینکرز کے نکلنے اور سپلائی کی تشویش کم ہونے پر خام تیل کی قیمتیں 3 فیصد سے زائد گر گئیں۔

برینٹ کروڈ کے سودے 2.61 ڈالر کمی کے ساتھ 72.65 ڈالر جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی 2.46 ڈالر کمی کے ساتھ 69.46 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔ مارکیٹ ماہرین کے مطابق برینٹ میں اس ہفتے مجموعی طور پر تقریباً 9.8 فیصد اور ڈبلیو ٹی آئی میں 9.3 فیصد کی بڑی ہفتہ وار گراوٹ دیکھی گئی۔

سعودی آرامکو نے خلیج میں اپنے راس تنورہ ٹرمینل سے تقریباً چار ماہ کے تعطل کے بعد تیل کی لوڈنگ دوبارہ شروع کر دی ہے، جہاں دو بڑے بحری جہاز خام تیل لوڈ کرتے دیکھے گئے۔ ماہرین کے مطابق مارکیٹ آبنائے ہرمز سے تیل کی بڑھتی ہوئی سپلائی اور چین کی جانب سے طلب میں تاحال اضافہ نہ ہونے پر ردعمل دے رہی ہے۔ اگرچہ ایران کی جانب سے جہاز پر فائرنگ کے بعد اقوام متحدہ نے بحری جہازوں کو نکالنے کا پروگرام معطل کر دیا تھا لیکن جنگ بندی معاہدے کے باعث رواں ہفتے آبنائے ہرمز سے خام تیل کی ترسیل فروری میں جنگ شروع ہونے کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ دوسری جانب یوکرینی ڈرون حملوں کے بعد روس ایندھن کی قلت کے باعث ڈیزل کی برآمد پر پابندی لگانے پر غور کر رہا ہے۔