پاکستان

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج پاکستان پہنچیں گے

  • ایرانی صدر وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں
شائع June 23, 2026 اپ ڈیٹ June 23, 2026 01:31pm

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج پاکستان کا سرکاری دورہ کررہے ہیں، یہ دورہ سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکہ کے درمیان اعلیٰ سطح مذاکرات کے ایک دن بعد ہورہا ہے۔ ایرانی صدر وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹر پزشکیان کے ہمراہ وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح وفد بھی ہوگا۔

دورے کے دوران ایرانی صدر پاکستان کے صدر سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی ایرانی صدر سے ملاقات کریں گے۔

ایران کے صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہوگا۔

دونوں ممالک کے رہنما ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا جائزہ لیں گے اور تجارت، توانائی، سرحدی سلامتی، عوامی اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے نئے امکانات پر غور کریں گے۔

دورے کے دوران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کے بعد جاری سفارتی پیش رفت، باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے اور خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026