کاروبار اور معیشت

ماحول دوست آلات کے لیے 476 ارب روپے مختص

  • یہ سبسڈیز گرین انیشیٹو منصوبے کے تحت فراہم کی جائیں گی
شائع June 14, 2026 اپ ڈیٹ June 14, 2026 01:03pm

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں گرین (ماحول دوست) سبسڈیز کو شامل کیا ہے، جس کے تحت مجوزہ منصوبے میں گرین آلات (گرین ایکویپمنٹ) کے لیے 476 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق یہ سبسڈیز گرین انیشیٹو منصوبے کے تحت فراہم کی جائیں گی، تاکہ اہم شعبوں میں ماحول دوست اقدامات کی معاونت کی جا سکے۔

گرین سبسڈی پلان کے تحت سب سے بڑی رقم توانائی (انرجی) کے شعبے کے لیے مختص کی گئی ہے۔ دستاویز کے مطابق اگلے مالی سال کے لیے توانائی کے شعبے میں گرین سبسڈیز کی مد میں 423 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

بجٹ دستاویز میں خوراک (فوڈ) کے شعبے کے لیے 19 ارب روپے کی گرین سبسڈیز تجویز کی گئی ہیں۔ صنعتی شعبے کے لیے 8 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کے لیے 5 ارب روپے کی تجویز دی گئی ہے۔

شعبہ زراعت (ایگریکلچر) کو اگلے مالی سال کے دوران 21 ارب روپے کی گرین سبسڈیز ملیں گی۔ اس رقم کی مختص کا مقصد ماحول دوست اقدامات کی حمایت کرنا اور زراعت سے متعلقہ سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی آلودگی کو کم کرنا ہے۔

دستاویز کے مطابق ہر وزارت کے لیے ماحولاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرنا لازمی ہوگا۔ حکومت یہ سبسڈیز گرین انیشیٹو منصوبے کے تحت فراہم کرے گی، جو کہ صاف ستھرے طور طریقوں کو فروغ دینے اور گرین ڈویلپمنٹ (ماحول دوست ترقی) کی حمایت کے لیے اس کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔