دنیا

جاپانی وزیراعظم کا دورہ آسٹریلیا، توانائی سیکیورٹی پر بات چیت ہوگی

  • آسٹریلیا جاپان کو مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کا ایک بڑا سپلائر ہے
شائع May 4, 2026 اپ ڈیٹ May 4, 2026 01:15pm

جاپان کی وزیراعظم سانائے تاکائچی پیر کے روز کینبرا میں آسٹریلوی ہم منصب انتھونی البانیز سے ملاقات کریں گی، جس میں توانائی کے تحفظ اور نایاب معدنیات میں تعاون اہم ایجنڈا ہوگا۔

آسٹریلیا جاپان کو مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کا ایک بڑا سپلائر ہے، اور جاپان اس شعبے میں پیش آنے والی حالیہ تبدیلیوں پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے، جن میں بڑے گیس منصوبوں پر ہڑتالوں کا خطرہ اور برآمدی ٹیکس بڑھانے کے سیاسی دباؤ شامل ہیں۔

جاپانی وزیرِاعظم کے دفتر کے مطابق دونوں رہنما اقتصادی سلامتی، خاص طور پر نایاب معدنیات کی سپلائی چینز میں تعاون پر بات کریں گے، جبکہ مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والے توانائی کے خدشات بھی زیرِ بحث آئیں گے۔

آسٹریلیا کی وزیرِ خارجہ پینی وونگ نے کہا کہ گیس دونوں ممالک کی مشترکہ توانائی سلامتی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

سانائے تاکائچی تین روزہ دورے پر ہیں اور اس سے قبل ویتنام میں توانائی اور اہم معدنیات پر بات چیت کر چکی ہیں، جہاں انہوں نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک پر علاقائی سپلائی چینز مضبوط بنانے پر زور دیا۔

گزشتہ ماہ جاپان نے آسٹریلیا سے جنگی بحری جہازوں کی خریداری کا 10 ارب آسٹریلین ڈالر کا معاہدہ بھی کیا تھا۔