امریکہ نے ایشیائی پانیوں میں تین ایرانی آئل ٹینکر روک لیے
- یہ جہاز بھارت، ملائیشیا اور سری لنکا کے قریب اپنے راستوں پر تھے
امریکی فوج نے ایشیائی پانیوں میں ایرانی پرچم بردار کم از کم تین آئل ٹینکروں کو روک کر ان کا رخ موڑ دیا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ جہاز بھارت، ملائیشیا اور سری لنکا کے قریب اپنے راستوں پر تھے۔ ادھر امریکہ کی جانب سے ایران کی سمندری تجارت پر ناکہ بندی برقرار ہے، جبکہ ایران بھی آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو روکنے کے لیے فائرنگ کر چکا ہے۔
تقریباً دو ماہ قبل امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے باوجود جنگ بندی کے دوران بھی امن مذاکرات کی بحالی کے آثار نظر نہیں آ رہے۔ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل اور گیس سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس سے عالمی توانائی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی افواج نے حالیہ دنوں میں ایرانی کارگو جہاز اور آئل ٹینکر بھی قبضے میں لیے، جبکہ ایران نے بدھ کو دو کنٹینر بردار جہاز تحویل میں لینے کا دعویٰ کیا۔ روکے گئے جہازوں میں ڈیپ سی، سیون اور ڈورینا شامل ہیں، جن میں لاکھوں بیرل خام تیل موجود تھا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ناکہ بندی کے آغاز سے اب تک 29 جہازوں کا رخ موڑا جا چکا ہے، جبکہ مزید کارروائیاں کھلے سمندر میں کی جا رہی ہیں تاکہ بارودی سرنگوں کے خطرات سے بچا جا سکے۔