جنگ کے خاتمے کیلئے امریکی اسرائیلی جارحیت فوری بند کی جائے، ایرانی صدر
- ایرانی صدر نے ہفتے کے روز بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے کے لیے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ہونے والی جارحیت کا فوری خاتمہ ضروری ہے۔ یہ بات ایران کے بھارت میں سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتائی۔
ایرانی صدر نے ہفتے کے روز بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی، جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور جاری تنازع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسعود پزشکیان نے مودی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں اس نوعیت کی جارحیت کی روک تھام کے لیے واضح ضمانتیں دی جانی چاہئیں تاکہ خطے میں امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے ابھرتی ہوئی معیشتوں کے گروپ برکس سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ایران کے خلاف جارحیت کو روکنے کے لیے آزاد اور مؤثر کردار ادا کرے۔ ایرانی صدر کے مطابق خطے میں پائیدار امن کے لیے مغربی ایشیا کے ممالک پر مشتمل ایک علاقائی سکیورٹی فریم ورک قائم کیا جانا چاہیے، جو بیرونی مداخلت کے بغیر امن و استحکام کو یقینی بنائے۔
دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے ایرانی صدر کے ساتھ گفتگو کے دوران مشرق وسطیٰ میں اہم تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی تجارت کے لیے سمندری راستوں کی آزادی کو برقرار رکھنا اور جہاز رانی کے راستوں کو محفوظ بنانا انتہائی ضروری ہے۔