کاروبار اور معیشت

سمیٹری گروپ کا جاز کے ساتھ معاہدہ، کمپنی کی آمدنی بڑھنے کا امکان

  • سمیٹری گروپ کو 2028 تک جاز کے ڈیجیٹل مینڈیٹ کے لیے منتخب کر لیا گیا
شائع January 28, 2026 اپ ڈیٹ January 28, 2026 01:32pm

پاکستان میں قائم ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کمپنی سمیٹری گروپ نے اعلان کیا ہے کہ تجارتی اور تکنیکی جائزوں کی تکمیل کے بعد اس کی ذیلی کمپنی آئرس ڈیجیٹل کو جاز کے ڈیجیٹل اور کریٹیو کاموں کے لیے ترجیحی بولی دہندہ کے طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔

کمپنی نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔ نوٹس کے مطابق جاز نے اس انتخاب کے بارے میں تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے اور باقاعدہ معاہدوں پر جلد ہی دستخط کر دیے جائیں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ تقرری تین سال کی مدت (2026، 2027 اور 2028) کے لیے ہے۔نوٹس میں مزید کہا گیا کہ انتظامیہ اس پیش رفت کو ایک سنگ میل اور گروپ کی مربوط ڈیجیٹل، کریٹیو اور ٹیکنالوجی پر مبنی مارکیٹنگ خدمات کی صلاحیتوں کا اعتراف قرار دیتی ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں کام کے دائرہ کار میں نمایاں اضافے کے پیشِ نظر کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں کمپنی کی استعداد کار بڑھانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ اس توسیعی مینڈیٹ سے اس کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

یاد رہے سمیٹری گروپ ایک ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور تجربات فراہم کرنے والی کمپنی ہے جو ڈیجیٹل مصنوعات اور خدمات میں مہارت رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ 2024 میں کمپنی نے متحدہ عرب امارات (یواے ای) میں اپنی ذیلی کمپنی قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ ذیلی کمپنی ان کے اپنے تیار کردہ ڈیجیٹل پروڈکٹس کی عالمی سطح پر لانچنگ اور اسکیلنگ کی راہ ہموار کرے گی۔