سائٹ کا انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج کی فوری معطلی کا مطالبہ
- نظرثانی شدہ نرخ 25.30 روپے فی یونٹ کو غیر منصفانہ قرار
سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر عبدالہادی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے بجلی کے اضافی استعمال کے پیکیج (انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج) کو فوری معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نظرثانی شدہ نرخ 25.30 روپے فی یونٹ کو غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس پیکیج کے باعث عام بجلی صارفین پر اربوں روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے، لہٰذا اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات صرف پیکیج سے فائدہ اٹھانے والے صارفین سے وصول کیے جائیں۔
نیپرا کو ارسال کردہ تحریری اعتراضات میں عبدالہادی نے مؤقف اختیار کیا کہ پیکیج کے پہلے ششماہی جائزے میں چار ماہ کی تاخیر سے عام صارفین کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
ان کے مطابق جون 2026 میں ہونے والا جائزہ اکتوبر میں کیا گیا جبکہ اپریل اور مئی 2026ئ کے دوران اضافی بجلی کی لاگت اور مقررہ نرخوں کے درمیان فرق کے باعث بالترتیب تقریباً 13 ارب 60 کروڑ اور 9 ارب 40 کروڑ روپے کا مالی بوجھ تمام صارفین پر پڑا۔
انہوں نے کہا کہ انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او) نے سماعت کے دوران تصدیق کی کہ مارجنل پرائس کا ڈیٹا درست تھا اور اخراجات میں غیرمعمولی اضافہ غیرمتوقع تھا۔
عبدالہادی نے یاد دلایا کہ نیپرا کے اصل فیصلے میں واضح کیا گیا تھا کہ کسی بھی غیرمتوقع نقصان کی وصولی صرف ان صارفین سے کی جائے گی جو انکریمنٹل پیکیج سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ششماہی جائزے میں تاخیر کے باعث عام صارفین پر غیرضروری مالی بوجھ بڑھا جبکہ جن صارفین نے مارجنل قیمت اور انکریمنٹل ریٹ کے درمیان فرق ادا کیا تھا، ان سے اضافی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی ای) بھی وصول کی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عام صارفین سے وصول کی گئی زائد رقم واپس کی جائے۔
صدر سائٹ ایسوسی ایشن نے نیپرا سے مطالبہ کیا کہ یا تو پیکیج فوری طور پر معطل کیا جائے یا 9 جون 2026ئ سے بجلی کے تمام اضافی استعمال پر نظرثانی شدہ مارجنل کاسٹ لاگو کی جائے۔
ان کے مطابق پیدا ہونے والے مالی فرق کی وصولی صرف پیکیج سے مستفید ہونے والے صارفین سے کی جائے اور وصول شدہ رقم اگلے کیو ٹی اے یا ایف سی اے کے ذریعے عام صارفین کے کھاتوں میں واپس جمع کرائی جائے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق صنعتی حلقوں، جن میں کراچی چیمبر، کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری اور فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری شامل ہیں، نے بھی اس پیکیج کے تسلسل پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا ہے۔عبدالہادی نے خبردار کیا کہ نظرثانی شدہ نرخوں سے بجلی کے اخراجات اور صنعتی پیداوار کی لاگت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے مقامی صنعت کی مسابقت متاثر ہوگی۔
انہوں نے نیپرا پر زور دیا کہ تمام اعتراضات کا معقول دلائل کے ساتھ فیصلہ کیا جائے اور ایسے منصوبوں کو ختم کرنے کے لیے واضح طریقہ کار وضع کیا جائے جو اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔























Comments