برازیلین فٹبال کلب سانتوس ایف سی نے اعلان کیا ہے کہ اس نے نیمار کے والد اور ایجنٹ نیمار سینئر کو کلب کا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کردیا ہے۔
نیمار کے والد اپنے بیٹے کے کیریئر میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں اور انہوں نے این آر اسپورٹس کے نام سے ایک ایجنسی بھی قائم کی جس کے پاس سانتوس کے کھلاڑی کے نام اور تصاویر کے استعمال کے حقوق ہیں۔
برازیل کے میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نیمار سینئر کا معاہدہ دسمبر تک ہے اور اگر اگلے ماہ سانتوس کے صدر مارسیلو ٹیشیرا دوبارہ منتخب ہوگئے تو وہ اس عہدے پر برقرار رہیں گے۔
برازیلین سیری اے کی پوائنٹس ٹیبل پر سانتوس 34 میچوں میں 47 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔
ٹیشیرا نے ایک بیان میں کہا کہ ہم سانتوس کی صورتحال بہتر بنانے اور کلب کے انتظامی امور کو مضبوط کرنے کے لیے حل اور متبادل تلاش کرنے کی غرض سے روزانہ کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیمار سینئر کی نئے چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے آمد اس عمل میں ایک اور قدم ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ان کے تجربے اور معلومات کی بدولت ہم مزید پیش رفت کر سکیں گے اور مل کر ایک مضبوط کلب کی بنیاد رکھیں گے۔





















Comments