پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد محمد عامر صدیقی کو چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے، وہ فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
عامر صدیقی فیلو چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور انہیں پیشہ ورانہ شعبے میں 30 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ انہیں مالیاتی انتظام، اسٹریٹجک منصوبہ بندی، ٹریژری، کارپوریٹ گورننس اور بزنس ٹرانفارمیشن کے شعبوں میں وسیع مہارت حاصل ہے۔ ان کا پیشہ ورانہ سفر ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے میں دو دہائیوں سے زائد کے تجربہ پر مشتمل ہے جس کے دوران انہوں نے پاکستان اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں کام کرنے کے علاوہ ارنسٹ اینڈ ینگ (ای وائے) اور ڈیلوئٹ جیسے پیشہ ورانہ اداروں میں بھی ذمہ داریاں انجام دیں۔
عامر صدیقی نے 2013 سے 2022 تک پی ٹی سی ایل گروپ میں گروپ ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ، فنانشل پلاننگ اینڈ ٹریژری کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس دوران انہوں نے مالیاتی منصوبہ بندی، بجٹ سازی، فنڈنگ، ٹریژری اور گروپ کی سطح پر کارکردگی کا انتظام سنبھالا۔ بعد ازاں انہوں نے پی ٹی سی ایل گروپ میں ہیڈ آف اسٹریٹجی اینڈ ٹرانسفارمیشن کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور کارپوریٹ حکمتِ عملی، ترقیاتی منصوبہ بندی اور ادارہ جاتی تبدیلی کیلئے اقدامات میں اہم کردار ادا کیا۔
اس دوران انہوں نے پاکستان میں اسپیکٹرم کے حصول اور ٹیلی کام سیکٹر میں کمپنی کے حصول کے عمل میں معاونت کی، وائرلیس ڈیٹا اور فلیش فائبر براڈبینڈ سروسز کے آغاز میں کردار ادا کیا، گروپ بھر میں اخراجات میں بہتری کے اقدامات کی قیادت کی اور گروپ کی سطح پر پی ٹی سی ایل اور یوفون کے مالیاتی امور کے شعبوں کو یکجا کرنے کے عمل کی سربراہی کی۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں اتصالات میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔
2023 سے عامر صدیقی یو مائیکروفنانس بینک (یو بینک) کے چیف فنانشل آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے جہاں انہوں نے مالیاتی اور آپریشنل تبدیلی کے عمل کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ ان کی نمایاں کامیابیوں میں تقریباً 15 ارب پاکستانی روپے کے سرمایہ کاری منصوبے کے لیے ریگولیٹری منظوری حاصل کرنا، سالانہ بنیادوں پر آپریٹنگ اخراجات میں تقریباً 2 ارب روپے کی بچت ممکن بنانا اور مالیاتی کنٹرولز، ضابطہ جاتی تقاضوں پر عمل درآمد اور ریکوری نظام کو مزید مستحکم کرنا شامل ہے۔ ان کی وسیع تر مہارت میں حصول و انضمام، انٹرپرائز رسک مینجمنٹ، بین الاقوامی مالیاتی رپورٹنگ کے معیارات، مالیاتی رپورٹنگ اور بورڈ کی سطح پر گورننس شامل ہیں۔
چیف فنانشل آفیسر کی حیثیت سے عامر صدیقی پی ٹی سی ایل کی مالیاتی حکمتِ عملی اور مالیاتی وسائل کے مؤثر انتظام کی قیادت کریں گے۔ ان کی توجہ مالیاتی کارکردگی کو بہتر بنانے، سرمائے کی مؤثر تقسیم، گورننس اور آپریشنل کارکردگی کو مزید مستحکم کرنے اور کمپنی کی اسٹریٹجک ترجیحات کے حصول میں معاونت فراہم کرنے پر مرکوز ہوگی۔
پی ٹی سی ایل گروپ کے بارے میں اپنی گہری سمجھ بوجھ، بین الاقوامی ٹیلی کمیونی کیشن کے تجربے اور مالیاتی قیادت و تبدیلی کے شعبوں میں ثابت شدہ کارکردگی کے باعث عامر صدیقی پی ٹی سی ایل کی مسلسل ترقی، اسٹریٹجک منصوبوں پر مؤثر عمل درآمد اور طویل مدتی فوائد میں اضافے کے عمل میں معاون کردار ادا کرنے کیلئے موزوں ترین انتخاب ہیں۔





















Comments