ڈالر کے مقابلے میں روپے کی پیش قدمی جاری
- ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی ایک پیسے کے اضافے سے 276.80 روپے بند
انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی ایک پیسے کے اضافے سے 276.80 روپے فی ڈالر پر بند ہوئی۔
یاد رہے کہ پیر کو مقامی کرنسی 276.81 روپے پر بند ہوئی تھی۔
عالمی مالیاتی منڈیوں میں منگل کو جاپانی ین کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا جبکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے خطرات مول لینے کے رجحان میں بہتری اور یورو کی کمزوری نے ڈالر کو سہارا دیا۔ رواں ہفتے بڑے مرکزی بینکوں کے پالیسی فیصلے عالمی شرح سود کی سمت کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
جاپانی ین کی قدر 0.16 فیصد کمی کے بعد 157.73 فی ڈالر ہوگئی جس سے گزشتہ ہفتے حاصل ہونے والے اضافے میں مزید کمی آئی۔ ین گزشتہ ہفتے ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا، تاہم پیر کو بھی اس کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب ڈالر انڈیکس 102.04 کے قریب مستحکم رہا جو ایک ہفتے کی بلند سطح کے قریب ہے۔ امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص میں بہتری اور مصنوعی ذہانت سے متعلق سرمایہ کاری میں دوبارہ دلچسپی نے مالیاتی منڈیوں میں خطرات مول لینے کے رجحان کو تقویت دی۔
یورو ڈالر کے مقابلے میں تقریباً دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگیا اور 1.1165 ڈالر پر ٹریڈ کرتا رہا۔ فرانس کے سرکاری بانڈز کی فروخت اور مالیاتی صورتحال سے متعلق خدشات نے یورو پر دباؤ بڑھایا۔
اس ہفتے امریکی فیڈرل ریزرو، یورپی مرکزی بینک، نیوزی لینڈ اور کینیڈا کے مرکزی بینکوں کے فیصلے بھی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز رہیں گے۔ دوسری جانب، برازیلی ریئل میں گزشتہ گراوٹ کے بعد استحکام دیکھا گیا۔



















Comments