’خصوصی استثنیٰ‘ ملنے کے بعد عراقی ایئرویز اکتوبر میں ایران پروازیں بحال کرے گی
- امریکا کی جانب سے دی گئی خصوصی رعایت کے تحت عراقی ایئرویز اکتوبر میں ایران کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرے گی، جس سے پابندیوں کے باعث معطل فضائی سفر بحال ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے
عراقی ایئرویز اکتوبر میں ایران کے لیے پروازیں بحال کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ عراق کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے منگل کو بتایا کہ ایران کی ایئرلائنز کے لیے خدمات محدود کرنے والی امریکی پابندیوں کے باعث پروازوں کی معطلی کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزارت نے کہا کہ عراق نے خصوصی استثنیٰ حاصل کرلیا ہے، جس کے تحت عراقی ایئرویز ایران کے لیے پروازیں چلا سکے گی۔
عراق نے جمعہ کو امریکی پابندیوں کے تحت ایران کے لیے اور وہاں سے پروازیں معطل کردی تھیں، جبکہ حکومت نے زیارت، طبی علاج اور تعلیم سے متعلق سفری سہولت کے لیے استثنیٰ کی درخواست کی تھی۔
وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق اگلے ماہ پروازوں کا آغاز ابتدائی طور پر شیعہ مسلمانوں کے مقدس شہر نجف سے کیا جائے گا، تاہم اس کے لیے ضابطہ جاتی اور تکنیکی تقاضے مکمل کرنا ہوں گے۔
عراقی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے ایک ذریعے نے بتایا کہ یہ استثنیٰ امریکی محکمہ خزانہ نے دیا ہے اور اس کی مدت ایک ماہ ہوگی۔ ذریعے کے مطابق اس استثنیٰ کے تحت کتنی پروازوں کی اجازت ہوگی، اس کا ابھی تعین نہیں کیا گیا۔
یہ اعلان رائٹرز کی پیر کو شائع ہونے والی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے عراقی ایئرویز کو ایران اور نجف کے درمیان پروازیں چلانے کی اجازت دینے کے لیے ایک ماہ کی رعایت دینے والی ہے، جبکہ بعد ازاں زیادہ مستقل نوعیت کا استثنیٰ بھی دیے جانے کا امکان ہے۔
معاملے سے براہِ راست واقف ایک ذریعے نے رائٹرز کو بتایا کہ بغداد نے مسافروں کی اسکریننگ اور معلومات کے تبادلے سمیت متعدد حفاظتی اقدامات کی پیشکش کی تھی، جبکہ اس امر کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات تجویز کیے گئے تھے کہ ان پروازوں کو ہتھیاروں، پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد یا غیر قانونی رقوم کی منتقلی کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔
























Comments