سازگار کی کینن الفا آئندہ چند ماہ میں لانچ کرنے کی تیاری
- کمپنی اس ماڈل کو مسابقتی قیمت پر پیش کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے
سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ کی جانب سے آئندہ چند ماہ میں پاکستان میں اپنی نئی کینن الفا گاڑی متعارف کرائے جانے کی توقع ہے جبکہ کمپنی اس ماڈل کو مسابقتی قیمت پر پیش کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
انتظامیہ نے یہ بات ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے نمائندوں کی شرکت سے منعقدہ ایک کارپوریٹ بریفنگ کے دوران بتائی۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے ہفتے کو جاری کردہ اپنی رپورٹ میں کہا کہ کینن الفا کو آئندہ چند ماہ میں متعارف کرائے جانے کی توقع ہے جبکہ انتظامیہ کے مطابق اسے مسابقتی قیمت پر پیش کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے بتایا کہ کمپنی نے گزشتہ ہفتے منعقد ہونے والے پاکستان آٹو شو میں نئی انرجی گاڑیوں (این ای ویز) کی وسیع رینج بھی پیش کی جن میں ٹینک 300 اور جولین میکس شامل ہیں۔
سازگار کی انتظامیہ نے کہا کہ مستقبل میں نئی گاڑیوں کی لانچنگ میں پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں (پی ایچ ای ویز) پر زیادہ توجہ دی جائے گی کیونکہ توقع ہے کہ حکومت آئندہ آٹو پالیسی کے ذریعے اس شعبے کی معاونت کرے گی۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے کہا کہ کمپنی فی الحال جی ایس ٹی میں اضافے کا بوجھ خود برداشت کررہی ہے کیونکہ انتظامیہ کو توقع ہے کہ جلد ایک سازگار آٹو پالیسی کا اعلان کیا جائے گا جس میں ممکنہ طور پر کم جی ایس ٹی مقرر کیا جاسکتا ہے۔ انتظامیہ نے کہا کہ صارفین کو مرکزیت دینے والی کمپنی کی حیثیت سے سازگار یہ نہیں چاہتی کہ آج زیادہ جی ایس ٹی پر گاڑیاں خریدنے والے صارفین کو نقصان پہنچے۔
انتظامیہ کے مطابق کمپنی اس وقت 32 ڈیلرشپس چلا رہی ہے جو پاکستان میں نئے آنے والے اداروں میں سب سے بڑا نیٹ ورک ہے جبکہ مزید 5 سے 6 ڈیلرشپس بھی جلد فعال ہونے کی توقع ہے۔
سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ پاکستان میں 1991 میں بطور پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی رجسٹرڈ ہوئی اور 1994 میں پبلک لمیٹڈ کمپنی بن گئی۔ کمپنی کا بنیادی کاروبار گاڑیوں، آٹو موٹیو پارٹس و لوازمات اور گھریلو برقی آلات کی تیاری اور فروخت ہے۔ کمپنی کے مینوفیکچرنگ پلانٹس لاہور میں واقع ہیں۔
سازگار کے مصنوعات کے پورٹ فولیو میں آٹو رکشے، ٹریکٹر کے پہیے کے رم اور گھریلو برقی آلات شامل ہیں۔ حالیہ برسوں میں کمپنی نے چار پہیوں والی گاڑیوں کے شعبے میں داخل ہوکر نمایاں توسیع کی اور ایس یو ویز متعارف کرائیں۔
2022 میں کمپنی نے BAIC برانڈ کے تحت چار پہیوں والی گاڑی متعارف کرائی۔
2023 تک کمپنی نے ایس یو وی گاڑیوں کی پیداوار شروع کردی اور HAVAL برانڈ کے تحت ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیاں مقامی مارکیٹ میں متعارف کرائیں۔
کمپنی نے اپنی پہلی مقامی طور پر اسمبل کی گئی ہائبرڈ الیکٹرک گاڑی بھی لانچ کی۔
























Comments