ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل کا آئی پی او، بک بلڈنگ دو گھنٹے میں مکمل سبسکرائب
- بولی کا عمل 22 ستمبر تک جاری رہے گا
ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ کے آئی پی او کے بک بلڈنگ مرحلے نے پیر کو آغاز کے صرف دو گھنٹے کے اندر مکمل سبسکرپشن حاصل کرلی۔
بیان میں کہا گیا کہ بولی کا عمل 22 ستمبر تک جاری رہے گا جب کہ بک بلڈنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد حتمی اسٹرائیک قیمت مقرر کی جائے گی۔
ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ 3 کروڑ عام حصص کی پیشکش کررہی ہے جو آئی پی او کے بعد کمپنی کے ادا شدہ سرمائے کا 32.01 فیصد بنتے ہیں۔ آئی پی او کے لیے فی حصص کم از کم قیمت 40 روپے مقرر کی گئی جبکہ سرمایہ کاروں کی طلب کے مطابق اسٹرائیک قیمت میں 60 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے اور یہ زیادہ سے زیادہ 64 روپے فی حصص تک پہنچ سکتی ہے۔
کمپنی کم از کم قیمت پر حصص کی فروخت سے 1.20 ارب روپے حاصل کرے گی جبکہ اگر حتمی اسٹرائیک قیمت مقررہ بالائی حد تک پہنچ جاتی ہے تو حاصل ہونے والی مجموعی رقم 1.92 ارب روپے تک بڑھ سکتی ہے۔
پیشکش کے ڈھانچے کے تحت 2 کروڑ 25 لاکھ حصص جو مجموعی پیشکش کا 75 فیصد ہیں، بک بلڈنگ کے ذریعے پیش کیے جا رہے ہیں۔ باقی 75 لاکھ حصص، یعنی 25 فیصد، عام عوام کے لیے 28 اور 29 ستمبر کو پیش کیے جائیں گے۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز لمیٹڈ اور گروتھ سیکیورٹیز لمیٹڈ اس آئی پی او کے مشترکہ لیڈ منیجرز کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم بنیادی طور پر کمپنی کے ورکنگ کیپیٹل کی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی جس سے کمپنی کو موسمی بنیادوں پر زیادہ مقدار میں خام مال کی خریداری، پروسیسنگ کی گنجائش بڑھانے اور بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی طلب کو زیادہ برآمدی آمدنی میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔
سرگودھا میں قائم ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ جو پہلے شاہین انٹرپرائزز کے نام سے کام کرتی تھی کو تقریباً تین دہائیوں پر محیط کاروباری تجربہ حاصل ہے۔
کمپنی کینو، آم، آلو اور دیگر زرعی پیداوار سمیت مختلف اشیا 22 سے زائد ممالک کو برآمد کرتی ہے۔
























Comments