برونائی کو میڈ ان پاکستان گاڑیوں کی ترسیل، پاک سوزوکی کا برآمدات کے آغاز کا اعلان
- پاک سوزوکی کی یہ اہم کامیابی پاکستان کی اعلیٰ معیار کی گاڑیاں تیار کرنے کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کی عکاسی کرتی ہے
پاکستان کی آٹو موبائل انڈسٹری نے اہم سنگِ میل عبور کیا، جب وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے لاہور میں پاکستان آٹو شو 2026 کے موقع پر پاکستان میں تیار کردہ سوزوکی آلٹو اور سوزوکی ایوری کی برونائی دارالسلام کو باقاعدہ برآمدات کے پروگرام کا افتتاح کیا۔
پاک سوزوکی کی یہ اہم کامیابی پاکستان کی اعلیٰ معیار کی گاڑیاں تیار کرنے کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کی عکاسی کرتی ہے، جو بین الاقوامی معیارات اور صارفین کی توقعات پر پورا اترتی ہیں۔ یہ کامیابی سوزوکی موٹر کارپوریشن جاپان کے پاکستان کی پیداواری صلاحیت، تکنیکی مہارت اور آٹو پارٹس فراہم کرنے والے مقامی اداروں کے معیار پر اعتماد کو بھی ظاہر کرتی ہے۔ آلٹو میں استعمال ہونے والے 65 فیصد سے زائد پرزے مقامی طور پر تیار کیے جاتے ہیں، جو ملک کی آٹو موبائل سپلائی چین کی بڑھتی ہوئی مضبوطی اور صلاحیت کو اجاگر کرتا ہے۔
پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیروشی کاوامورا نے اس موقع کی پاکستان کی آٹو موبائل انڈسٹری کے لیے وسیع تر اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا آج کا دن نہ صرف پاک سوزوکی بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ سوزوکی آلٹو اور سوزوکی ایوری کی برونائی کو برآمدات محض ایک تجارتی کامیابی نہیں، بلکہ پاکستان میں تیار ہونے والی گاڑیوں کے معیار، قابلِ اعتماد ہونے اور عالمی منڈی میں مسابقتی صلاحیت کا بین الاقوامی اعتراف ہے۔
کاپی رائٹ : بزنس ریکارڈر 2026ء
























Comments