اسٹاک ایکسچینج میں خریداری کا رجحان برقرار، 100 انڈیکس میں 1800 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ
- بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 170,884.58 پوائنٹس پر بند ہوا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعہ کو خریداری کا رجحان برقرار رہا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1,800 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
بینچ مارک انڈیکس تقریباً 169,500 پوائنٹس کی سطح پر کھلا اور کاروباری سیشن کے پہلے نصف کے دوران بتدریج بلندی کی جانب بڑھتے ہوئے 170,000 کی سطح عبور کر گیا، جس کے بعد اس نے 170,700 سے 170,800 پوائنٹس کی حدود کو بھی چھوا۔
ان سطحوں کے آس پاس کچھ دیر استحکام کے بعد سہ پہر کے وسط میں مارکیٹ میں معمولی مندی دیکھی گئی اور انڈیکس 170,400 پوائنٹس کے قریب آ گیا۔ تاہم، اس کے بعد خریداری میں دوبارہ دلچسپی پیدا ہوئی، جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس دوبارہ دن کی بلند ترین سطح 171,036.71 پوائنٹس کے قریب پہنچ گیا۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 1,841.39 پوائنٹس یا 1.09 فیصد اضافے سے 170,884.58 پوائنٹس پر بند ہوا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے کاروباری دن کے اختتام پر جاری اپنی رپورٹ میں کہا کہ خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی، سپلائی سے متعلق خدشات میں کمی کے باعث، مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کو سہارا دیتی رہی۔
رپورٹ میں کہا گیا، ’’امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں کی بحالی کی توقعات سے بھی مارکیٹ کے رجحان میں بہتری آئی۔ دریں اثنا، سعودی عرب کی جانب سے متاثرہ ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو بحال کرنے کی کوششیں سپلائی کے دباؤ میں مزید کمی کا باعث بن سکتی ہیں، جس سے مارکیٹ کے رجحان کو مزید تقویت ملے گی۔‘‘
اس نے کہا کہ انڈیکس میں سب سے زیادہ مثبت کردار ایف ایف سی، یو بی ایل، ایم ای بی ایل، لکی اور ایچ بی ایل کا رہا، جنہوں نے مجموعی طور پر انڈیکس میں 833 پوائنٹس کا اضافہ کیا۔
جمعرات کو بھی پی ایس ایکس میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، جب عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی اور امریکا ایران تنازع میں ممکنہ کشیدگی میں کمی کے اشاروں سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری آئی اور اہم شعبوں میں نئی خریداری شروع ہوئی۔ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1,021.40 پوائنٹس یا 0.61 فیصد اضافے سے 169,043.20 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
عالمی سطح پر جمعہ کو ایشیائی حصص میں تیزی رہی جبکہ ڈالر کی قدر بھی مستحکم رہی۔ سرمایہ کار عالمی سطح پر افراط زر پر قابو پانے کے لیے پالیسی سازوں کی بڑھتی ہوئی کوششوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ تیل کی قیمتوں میں کمی نے بینک آف جاپان کی جانب سے متوقع شرح سود میں اضافے سے قبل مارکیٹ کے رجحان کو بہتر کیا۔
اس ہفتے مالیاتی پالیسی کے ردعمل پر توجہ مرکوز ہے، کیونکہ مشرق وسطیٰ میں چھ ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے خاتمے کے آثار نظر نہیں آ رہے، جس کے باعث تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر برقرار ہیں اور دنیا بھر میں افراط زر کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔
مشرق وسطیٰ سے تیل کی سپلائی عالمی منڈیوں تک پہنچانے کے متبادل راستوں کی امیدوں کے باعث برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 1 فیصد کم ہو کر 103.77 ڈالر فی بیرل ہوگئی، اگرچہ سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان حملوں کے خدشات برقرار رہے۔
کاروباری افراد نے گزشتہ رات وال اسٹریٹ میں آنے والی تیزی سے بھی رہنمائی حاصل کی، جس کی قیادت حالیہ مندی کا شکار ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص نے کی۔ بانڈز کی قیمتیں بھی مستحکم رہیں، جو رواں ہفتے ایک اور شدید فروخت کے بعد ہوا، اس دوران 10 سالہ امریکی ٹریژری بانڈز کی پیداوار 5 فیصد سے تجاوز کرتے ہوئے 2007 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ یہ شرح آخری بار 4.936 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ایشیا میں ایم ایس سی آئی کا جاپان کے علاوہ ایشیا بحرالکاہل کے حصص پر مشتمل وسیع تر انڈیکس 0.55 فیصد بڑھا۔ جاپان کا نکیئی 0.9 فیصد بلند ہوا، جبکہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص پر مشتمل جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 2 فیصد تیزی سے بڑھا۔
دریں اثنا، پاکستانی روپیہ جمعہ کو انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں معمولی بہتری کے سلسلے کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔ مقامی کرنسی 0.01 روپے کے اضافے سے 277.25 روپے فی ڈالر پر بند ہوئی۔
آل شیئر انڈیکس میں کاروباری حجم گزشتہ سیشن کے 386.37 ملین حصص کے مقابلے میں بڑھ کر 576.26 ملین حصص ہوگیا۔
حصص کی مالیت بھی گزشتہ سیشن کے 20.09 ارب روپے کے مقابلے میں بڑھ کر 22.41 ارب روپے ہوگئی۔
میڈیا ٹائمز لمیٹڈ 69.65 ملین حصص کے کاروبار کے ساتھ حجم کے لحاظ سے سرفہرست رہا، اس کے بعد ورلڈ کال ٹیلی کام کے 33.05 ملین حصص اور سینرجیکو پی کے کے 31.35 ملین حصص کا کاروبار ہوا۔
جمعہ کو مجموعی طور پر 496 کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا، جن میں سے 351 کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 110 میں کمی جبکہ 35 کے حصص کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

























Comments