ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید مستحکم
- کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے کی بہتری سے 277.37 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو ڈالر کے مقابلے روپیہ مزید مضبوط ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے کی بہتری سے 277.37 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ پیر کو مقامی کرنسی 277.40 روپے پر بند ہوئی تھی۔
دوسری جانب عالمی سطح پر جاپانی ین بھی امریکی ڈالر کے مقابلے میں سات ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ بینک آف جاپان کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات اور ڈالر پر دباؤ کے باعث ین کی قدر میں اضافہ ہوا۔
ین کی قدر بڑھ کر 153.53 ین فی ڈالر تک پہنچ گئی، جو فروری کے بعد اس کی مضبوط ترین سطح ہے۔ ماہرین کے مطابق بینک آف جاپان کی جانب سے شرح سود میں تیز تر اضافے، جاپانی سرمایہ کاروں کی رقوم واپس ملک منتقل کرنے، کیری ٹریڈز کے خاتمے اور امریکی سیاسی دباؤ سمیت مختلف عوامل ین کی قدر میں تبدیلی کا باعث بن رہے ہیں۔
دوسری جانب ڈالر انڈیکس معمولی کمی سے 98.83 پر آگیا، جبکہ یورو اور برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں 0.06 فیصد اضافہ ہوا۔ یورو 1.1628 ڈالر اور پاؤنڈ 1.3549 ڈالر پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ کی توجہ اب رواں ہفتے جاری ہونے والے امریکی افراطِ زر کے اعداد و شمار پر مرکوز ہے، جو 15 اور 16 ستمبر کو ہونے والے فیڈرل ریزرو کے اجلاس سے قبل اہم ڈیٹا ہوگا۔ گزشتہ جمعہ کو توقعات سے بہتر روزگار کے اعداد و شمار کے بعد رواں ماہ شرح سود میں اضافے کے امکانات تقریباً 60 فیصد تک پہنچ گئے ہیں۔
ادھر مشرقِ وسطیٰ میں طویل جنگ کے خدشات اور ایران کی جانب سے امریکی حملوں کا جواب دینے کی دھمکی کے باعث تیل کی قیمتیں بھی کئی ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ برینٹ خام تیل 1.25 ڈالر یا 1.3 فیصد اضافے سے 98.25 ڈالر فی بیرل، یعنی تقریباً 27,250 روپے فی بیرل ہوگیا، جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی 2.22 ڈالر یا 2.4 فیصد اضافے سے 93.70 ڈالر فی بیرل، یعنی تقریباً 26,000 روپے فی بیرل پر پہنچ گیا۔
























Comments