نیپرا نے بجلی 2.0581 روپے فی یونٹ مہنگی کردی
- جولائی 2026 کے لیے فیول چارجز کا حقیقی جزو 9.1511 روپے فی کلو واٹ آور مقرر کیا گیا
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جولائی 2026 میں استعمال ہونے والی بجلی کے لیے 2.0581 روپے فی یونٹ مثبت فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی منظوری دے دی ہے جس کی رقم ایکس واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور کے الیکٹرک صارفین سے ستمبر 2026 کے بجلی کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔
نیپرا کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی 2026 کے لیے فیول چارجز کا حقیقی جزو 9.1511 روپے فی کلو واٹ آور مقرر کیا گیا جب کہ ریفرنس فیول چارجز جزو 7.0929 روپے فی کلو واٹ آور تھاجس کے نتیجے میں 2.0581 روپے فی یونٹ ایف سی اے کا تعین ہوا۔
یہ ایڈجسٹمنٹ ایکس واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور کے الیکٹرک کے تمام صارفین کے لیے قابلِ اطلاق ہوگی، تاہم لائف لائن صارفین، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور وہ پری پیڈ صارفین مستثنیٰ ہوں گے جنہوں نے پری پیڈ ٹیرف اختیار کر رکھا ہے۔
نیپرا نے کہا کہ مثبت ایف سی اے انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج کے تحت آنے والی بجلی کی کھپت پر بھی لاگو ہوگا۔
ایکس واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور کے الیکٹرک کو ہدایت کی گئی ہے کہ جولائی 2026 کا ایف سی اے ستمبر 2026 کے بلنگ ماہ میں صارفین کے بلوں میں شامل کریں۔ یہ ایڈجسٹمنٹ بجلی کے بلوں میں الگ سے ظاہر کی جائے گی اور جولائی 2026 میں بل کیے گئے یونٹس کی بنیاد پر اس کا حساب لگایا جائے گا۔
ریگولیٹر نے مزید واضح کیا کہ اگر فیصلے کے نوٹیفکیشن سے قبل ستمبر 2026 کے کسی بل کا اجرا ہوچکا ہو تو ایڈجسٹمنٹ اگلے ماہ کے بل میں وصول کی جاسکتی ہے۔
نیپرا نے متعلقہ ایکس واپڈا ڈسکوز اور کے الیکٹرک کو ایف سی اے پر عمل درآمد کے دوران عدالتوں کے احکامات کی سختی سے پابندی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔























Comments