وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر ترکیہ اور سعودی قیادت کے ساتھ دفاعی معاہدے سے متعلق اجلاس میں شریک
- ترکیہ کے وزیر دفاع اور آرمی چیف کی چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر سے الگ الگ ملاقات
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے استنبول میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کے پاکستانی وفد میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شامل تھے۔
افتتاحی اجلاس میں پاکستانی قیادت نے ترکیہ اور سعودی عرب کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سہ فریقی اسٹریٹجک تعاون، علاقائی سلامتی اور دفاعی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار نے اپنے ذاتی ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ الحمدللہ، 7 اگست 2026 کو مکہ مکرمہ میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے بعد آج استنبول میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا پہلا اجلاس انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے استنبول میں برادر ممالک کی قیادت سے ملاقات کو بھی خوش آئند قرار دیا۔
اجلاس میں پاکستان کی شرکت ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ اس کے تاریخی دوستانہ تعلقات اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
پاکستان، ترکیہ کا دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اس سے قبل وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور ترکیہ کے وزیر قومی دفاع یاشار گیولر نے پیر کو استنبول میں ملاقات کی، جس میں خطے میں مشترکہ دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بایراکتار اوغلو بھی ملاقات میں شریک تھے۔
علاوہ ازیں یاشار گیولر اور جنرل سلچوک بایراکتار اوغلو نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔ ترکیہ کی وزارت قومی دفاع نے ایکس پر جاری بیان میں اس ملاقات کی تصدیق کی۔























Comments