ڈسٹری بیوشن انویسٹمنٹ پلان، نیپرا نے سیپکو کے لیے 21.436 ارب روپے منظور کرلیے
- سیپکو نے ابتدا میں نیپرا سے 90.563 ارب روپے کے ڈسٹری بیوشن انویسٹمنٹ پلان کی منظوری مانگی تھی
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سکھر الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ (سیپکو) کے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کاروبار کے لیے 21.436 ارب روپے کا ڈسٹری بیوشن انویسٹمنٹ پلان (ڈی آئی پی) منظور کرلیا ہے، جبکہ ٹرانسمیشن و ڈسٹری بیوشن (ٹی اینڈ ڈی) نقصانات کے عبوری اہداف بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ یہ منظوری پانچ سالہ ملٹی ایئر ٹیرف کنٹرول پیریڈ مالی سال 2025-26 سے 2029-30 تک کے لیے دی گئی ہے۔
سیپکو نے ابتدا میں نیپرا سے 90.563 ارب روپے کے ڈسٹری بیوشن انویسٹمنٹ پلان کی منظوری مانگی تھی۔ تاہم ریگولیٹر کی جانب سے متعدد سوالات اٹھائے جانے کے بعد کمپنی نے نظرثانی شدہ معلومات جمع کرائیں اور 19 جون 2026 کو مجوزہ سرمایہ کاری کم کرکے 40.191 ارب روپے کردی۔
نظرثانی شدہ منصوبے میں سرمایہ کاری کی ترجیحات اور نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کی ضروریات میں تبدیلیاں کی گئیں، جو طلب کے تازہ تخمینوں سے ہم آہنگ تھیں۔ منصوبوں کی لاگت بھی تازہ ترین پرچیز آرڈرز کی بنیاد پر دوبارہ شمار کی گئی۔
نیپرا نے سیپکو کی ابتدائی درخواست میں سنگین خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اس میں زمینی حقائق کی مناسب عکاسی نہیں کی گئی، ضروریات کا درست جائزہ موجود نہیں تھا جبکہ لاگت کے تخمینے اور اثاثوں کے استعمال سے متعلق معلومات بھی نامکمل تھیں۔ اتھارٹی نے زور دیا کہ مستقبل کی منصوبہ بندی ڈیٹا پر مبنی، حقیقت پسندانہ اور ریگولیٹری تقاضوں سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہونی چاہیے۔
جائزے کے دوران نیپرا نے پہلے سے منظور شدہ سرمایہ کاری کے نمایاں کم استعمال کی بھی نشاندہی کی۔ 39.509 ارب روپے کی منظور شدہ سرمایہ کاری کے مقابلے میں سیپکو نے کنٹرول پیریڈ کے دوران صرف 14.231 ارب روپے خرچ کیے، جو تقریباً 36 فیصد بنتے ہیں۔ کم استعمال سے کمپنی کی منصوبوں پر عملدرآمد کی صلاحیت اور منظوریوں کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے پر سوالات اٹھے۔
نیپرا نے ایس ٹی جی منصوبوں میں تاخیر کا بھی نوٹس لیا، جس کی وجوہات میں زمین کے حصول، خریداری کے مسائل اور محکموں کے درمیان کمزور رابطہ کاری شامل ہیں۔
اتھارٹی نے سیپکو کو ٹی اینڈ ڈی نقصانات اور بجلی کی فراہمی کے قابلِ اعتماد اشاریوں میں بہتری لانے، حفاظتی مرمت، توانائی اکاؤنٹنگ اور نظام کے کنٹرولز کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔
نیپرا نے 132 کلو وولٹ نیٹ ورک کی توسیع جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کو بھی سرمایہ کاری کی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔
اہم فیصلے کے تحت سیپکو کو مستقبل کے سرمایہ کاری منصوبے جمع کرانے سے قبل آزاد تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ سے ان کی توثیق کرانا ہوگی۔
نیپرا نے مالی سال 2025-26 اور 2026-27 کے لیے ٹی اینڈ ڈی نقصانات کا عبوری ہدف 16.31 فیصد مقرر کیا ہے، جس میں امن و امان کی صورتحال کے لیے 1 فیصد اضافی گنجائش شامل ہے۔ سیپکو کو نو ماہ کے اندر بین الاقوامی کنسلٹنٹ یا کنسورشیم کے ذریعے ٹی اینڈ ڈی نقصانات کا آزادانہ جائزہ بھی کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026





















Comments