زخمی شان مسعود ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر
- ٹاپ آرڈر بلے باز نے برائن لارا اسٹیڈیم میں پہلی اننگز میں شاندار سنچری اسکور کی، تاہم اس دوران ان کی شہادت کی انگلی فریکچر ہو گئی
پاکستانی بیٹر شان مسعود انگلی میں فریکچر کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جمعرات کو اس کی تصدیق کی ہے۔
ٹاپ آرڈر بیٹسمین شان مسعود نے برائن لارا اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار سنچری اسکور کی، تاہم جیڈن سیلز کی گیند لگنے سے ان کے بائیں ہاتھ کی شہادت کی انگلی فریکچر ہو گئی۔ اس انجری کے باعث انہیں آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنا پڑا، جبکہ پاکستان کو میچ میں 90 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے بیان میں کہا، ”اسکین اور طبی معائنے کے بعد شان مسعود اس وقت پاکستان ٹیم کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں زیرِ علاج ہیں۔“
پی سی بی نے کہا، ”19 اگست سے لیڈز میں انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں شان مسعود کی شرکت کا انحصار ان کی صحت یابی اور طبی بحالی کی پیش رفت پر ہوگا۔“
پاکستان انگلینڈ کے دورے میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز بھی ہوگی۔



















Comments