جلد نئے نوٹوں کی پرنٹنگ شروع کر دیں گے، کابینہ کی منظوری کا انتظار، گورنر اسٹیٹ بینک
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)نے پیر کو بتایا کہ جیسے ہی وفاقی کابینہ نئے ڈیزائن کی منظوری دے گی وہ دو سے تین مختلف مالیت کے نئے طرز کے کرنسی نوٹ چھاپنے کا عمل شروع کردے گا۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نےنئی مانیٹری پالیسی کے اعلان کے موقع پر پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی چھپائی کا عمل ایڈوانس مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی کابینہ سے منظوری ملے گی، ہم جلد ہی ان کی پرنٹنگ شروع کر دیں گے۔ ہم مختلف مالیت کے دو سے تین کرنسی نوٹوں کی چھپائی بیک وقت شروع کریں گے۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے شرح سودکو 10.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گورنر جمیل احمد نے کہا کہ نئے ڈیزائن کے نوٹ اس وقت گردش میں آئیں گے جب مرکزی بینک ان کا کم از کم اتنا اسٹاک مکمل کر لے گا جو اس وقت مارکیٹ میں موجود نوٹوں کی جگہ لینے کے لیے کافی ہو۔
تاہم انہوں نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ کون سی مالیت کے نوٹ سب سے پہلے گردش میں آئیں گے۔ اس وقت مارکیٹ میں 10، 20، 50، 75، 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کی مختلف مالیت کے نوٹ زیرِ گردش ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ ہم نے نئے ڈیزائن منظوری کے لیے حکومت کو بھیج دیے تھے جس کے بعد حکومت نے یہ ڈیزائن (حتمی) منظوری کے لیے کابینہ کو ارسال کر دیے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کی تجاویز کا جائزہ لیا اور اس معاملے کے تفصیلی معائنے کے لیے ایک کابینہ کمیٹی تشکیل دی ۔
کابینہ کے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ کرنسی نوٹوں کو جدید تقاضوں کے مطابق دوبارہ ڈیزائن کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
مارچ 2025 میں سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ (ایس پی ایل)نے ایک پریس بیان میں بتایا کہ اس نے 3.4 ارب روپے مالیت کا پیپر مشین اپ گریڈ پروجیکٹ ایک جرمن فرم کو دے دیا ہے۔ ایس پی ایل نے اس وقت کہا تھا کہ اس منصوبے کی تخمینہ لاگت 3.4 ارب روپے ہے جس میں جرمنی کی فرم کو دیا گیا 8.297 ملین یورو کا بین الاقوامی ٹینڈر بھی شامل ہے۔ یہ اپ گریڈیشن 18 ماہ کے اندر مکمل ہونے کی توقع ہے۔
ستمبر 2024 میں اسٹیٹ بینک نے نئے بینک نوٹ سیریز کے ڈیزائن کے مقابلے کے فاتحین کا اعلان کیا تھا۔ مرکزی بینک نے جنوری 2024 میں تمام موجودہ مالیت کے نئے نوٹوں کے ڈیزائن اور اجرا کا عمل شروع کیا تھا جبکہ مارچ 2024 میں نئے نوٹوں کے لیے اختراعی اور تھیم پر مبنی ڈیزائن حاصل کرنے کے لیے آرٹ کے مقابلے کا اعلان کیا گیا تھا۔






















Comments