گلف فوڈ 2026 میں پاکستان کی دھاک : ٹڈاپ سب سے بڑی زرعی نمائش میں شرکت کے لیے تیار
- 26 سے 30 جنوری تک جاری ایونٹ میں ٹی ڈی اے پی کے تعاون سے 67 پاکستانی کمپنیاں مختلف غذائی مصنوعات کی نمائش کریں گی
ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور دبئی ایکسپو سٹی میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش ’گلف فوڈ 2026 میں پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی شرکت کے لیے تیار ہے۔ 26 سے 30 جنوری تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں ٹی ڈی اے پی کے تعاون سے 67 پاکستانی کمپنیاں چاول، گوشت، مشروبات اور اناج سمیت مختلف شعبوں میں اپنی مصنوعات پیش کریں گی۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں نجی کمپنیاں بھی آزادانہ طور پر شریک ہو رہی ہیں۔
پاکستانی نمائش کنندگان باسمتی چاول، شہد، پنک سالٹ، مصالحہ جات اور ڈیری مصنوعات جیسی اعلیٰ معیار کی اشیاء متعارف کرائیں گے۔ میلے کی خاص بات ’پاکستان بریانی فیسٹیول‘ اور لائیو کوکنگ ماسٹر کلاسز ہوں گی، جہاں شرکاء پاکستانی ذائقوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
اسٹریٹجک محاذ پر ٹی ڈی اے پی اسمارٹ ایگری فوڈ سسٹمز کے موضوع پر پینل ڈسکشن میں حصہ لے گی، جس میں زراعت میں مصنوعی ذہانت اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر بات ہوگی۔ مزید برآں پاک-متحدہ عرب امارات بزنس کانفرنس اور نیٹ ورکنگ ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، تاکہ پاکستانی برآمد کنندگان کو بین الاقوامی خریداروں سے جوڑا جا سکے اور ملک کا برآمدی حجم بڑھایا جا سکے۔

























Comments