بڑے شہروں میں اسموگ میں خطرناک اضافے کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے جمعرات کو خبردار کیا ہے کہ ملک کے بڑے شہروں میں اسموگ کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ متوقع ہے، جو حالیہ مستحکم موسمی حالات کے باعث مزید بڑھ سکتا ہے اور سانس کی بیماریوں میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔
اسموگ دھوئیں اور دھند کا امتزاج ہوتا ہے جو عام طور پر نومبر سے دسمبر کے وسط تک بنتا ہے۔
محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ خشک موسم آنے والے دنوں میں اسموگ کی شدت بڑھانے کے لیے سازگار ثابت ہوگا۔
پی ایم ڈی کے مطابق صنعتی آلودگی، گاڑیوں کے دھوئیں اور سازگار موسمی حالات کے امتزاج سے فضا میں آلودگی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے، جو عوامی صحت اور ماحول کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خشک موسمی حالات فضا میں مضر ذرات کے جمع ہونے میں مدد دیں گے۔
ہلکی یا پرسکون ہواؤں کا سلسلہ، کم درجہ حرارت اور نمی کی موجودگی فضائی آلودگی کو پھیلنے سے روک سکتی ہے، جس کے باعث اسموگ کی موٹی تہہ پنجاب کے مشرقی علاقوں لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر اور خانپور پر چھا سکتی ہے۔
پی ایم ڈی کے مطابق اسموگ میں اضافے کے نتیجے میں سانس کی بیماریاں دمہ اور دیگر آلودگی سے متعلق صحت کے مسائل میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہناہےکہ کمزور مدافعت رکھنے والے افراد بچوں، بزرگوں اور پہلے سے بیمار لوگوں کو سب سے زیادہ خطرہ لاحق ہے ۔
مزید بتایا گیا کہ خراب فضائی ماحول کے باعث سڑکوں پر حدِ نگاہ متاثر ہوسکتی ہے، جس سے ٹریفک حادثات میں اضافہ اور بیرونی سرگرمیوں میں خلل پڑنے کا امکان ہے۔





















Comments
Comments are closed.