دبئی جائٹیکس 2025 میں شریک 10 پاکستانی اسٹارٹ اپس کونسی؟
- ہیپرو اور نقشہ جی پی ٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
جائٹیکس 2025، جو خطے کے سب سے بڑے ٹیکنالوجی شوز میں سے ایک ہے، گزشتہ ہفتے دبئی میں اختتام پذیر ہوا۔ اس ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے 10 اسٹارٹ اپس نے شرکت کی جنہیں حکومت کے اِگنائٹ نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ نے منتخب کیا تھا تاکہ وہ جائٹیکس کے ایکسپینڈ نارتھ اسٹار حصے میں اپنی جدید ٹیکنالوجی حل پیش کر سکیں۔
1 . ہیپرو (Haprow)
تعلیمی شعبے میں سرگرم ہیپرو ایک ایسا ادارہ ہے جو مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور روبوٹکس کے حل پر کام کرتا ہے۔ کمپنی کا بنیادی پروڈکٹ ٹِم ٹِم نامی روبوٹ ہے، جو آٹزم اسپیکٹرم میں مبتلا بچوں کی سماجی، ابلاغی اور ادراکی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
پاکستان کی 100 آئی ٹی کمپنیوں اور 1,000 مندوبین نے دبئی میں منعقدہ جائٹیکس گلوبل میں شرکت کی۔
اس ایونٹ کے دوران، ہیپرو نے دبئی کی کمپنی آپریٹر اے آئی کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔ آپریٹر اے آئی خود کو دنیا کا پہلا آل اِن ون مصنوعی ذہانت کا ایکو سسٹم قرار دیتی ہے، جو مارکیٹنگ، سیلز، کسٹمر سپورٹ اور سی آر ایم (کسٹمر ریلیشن شپ مینجمنٹ) کو آپس میں مربوط کرتا ہے۔
اِگنائٹ کے مطابق، دونوں کمپنیاں مل کر ٹِم ٹِم کو امریکی اور یورپی مارکیٹس میں متعارف کرانے، صنعتی پیمانے پر پیداوار کے امکانات تلاش کرنے، اور ٹیکنالوجیکل بہتری و پروڈکشن آپٹیمائزیشن پر تعاون کریں گی تاکہ روبوٹ کو عالمی سطح پر متعارف کیا جا سکے۔

آپریٹر اے آئی کے شریک بانی اگناسیو کنڈیلاں نے کہا کہ جائٹیکس دبئی — جو مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور سرمایہ کاروں کا سب سے بڑا ایونٹ ہے — میں کوئی اور روبوٹک منصوبہ اتنی وسعت اور اثر کے ساتھ دنیا کے مختلف کونوں تک نہیں پہنچے گا جتنا ہیپرو روبوٹس پہنچیں گے، کیونکہ ان کی خصوصیات، کم سرمایہ کاری، اور شاندار کسٹمر سپورٹ اس کی کامیابی کی ضمانت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سستا ہے، یہ قابلِ عمل ہے، یہ مرضی کے مطابق بنایا جا سکتا ہے ،کمپنیوں کے لیے ایک ون-ون صورتحال ہے تاکہ وہ اپنی پہلی اے آئی پلس روبوٹک تجربات شروع کر سکیں۔
2 . اسٹیم ورس (STEMverse)
ایجوٹیک کے شعبے میں شامل اسٹیم ورس پشاور میں قائم ایک اسٹارٹ اپ ہے جو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (ایس ٹی ای ایم) کے مضامین میں پریکٹیکل لرننگ فراہم کرتا ہے۔ یہ ادارہ پری یونیورسٹی طلبہ کے لیے روبوٹکس، انٹرنیٹ آف تھنگز ، مصنوعی ذہانت اور مکسڈ ریئلٹی جیسے کورسز فراہم کرتا ہے۔
اسٹیم ورس کا مقصد جنس اور علاقائی فرق کو ختم کرتے ہوئے پروجیکٹ بیسڈ لرننگ اور گرلز اِن اسٹیم جیسی مہمات کے ذریعے تعلیمی مساوات کو فروغ دینا ہے۔
3. ای ایم آر چینز (EMRChains)
صحت کے شعبے میں، ای ایم آر چینز ایک مصنوعی ذہانت سے چلنے والا ہیلتھ کیئر اسسٹنٹ ہے جو طبی رہنمائی، اپوائنٹمنٹ شیڈولنگ اور مریضوں کے ساتھ رابطے کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ (ای ایم آر کا مطلب ہے الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ۔)
کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کا سسٹم اسپتالوں اور طبی ماہرین کے لیے مریضوں کے میڈیکل ریکارڈز کو محفوظ اور مؤثر طریقے سے ذخیرہ اور شیئر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، جس سے علاج مریض مرکز (پیشنٹ سینٹرڈ) بن جاتا ہے۔
یہ ایک اے آئی سے چلنے والا ملٹی لنگول چیٹ بوٹ سنا اے آئی بھی فراہم کرتے ہیں جو علامات چیک کرنے اور اپوائنٹمنٹ بکنگ کی سہولت دیتا ہے۔
4. آسان گھر فنانس (Asaan Ghar Finance)
اس ایونٹ میں آسان گھر فنانس بھی شریک تھا، جو 2021/22 میں قائم کیا گیا ایک اسلامی ہاؤسنگ فنانس ادارہ ہے، جس کا مقصد پاکستان کی متوسط طبقے کے لیے شرعی اصولوں کے مطابق گھر کے مالی حل فراہم کرنا ہے۔
کمپنی اسلامی فنانس پراڈکٹس جیسے گھر کی خریداری، تعمیر، تزئین و آرائش اور بیلنس ٹرانسفر فنانسنگ پیش کرتی ہے، تاکہ ٹیکنالوجی پر مبنی آن بورڈنگ اور اخلاقی عملداری کے ذریعے گھر کی ملکیت کو ممکن بنایا جا سکے۔
5. سپر بٹلر اے آئی (Superbutler AI)
سپر بٹلر اے آئی حال ہی میں نیشنل انکیوبیشن سینٹر کراچی کے 12ویں کوہورٹ سے گریجویٹ ہونے والے 30 اسٹارٹ اپس میں شامل تھا۔
یہ کمپنی ہوٹل انڈسٹری کے لیے ایک اے آئی سے چلنے والا ڈیجیٹل کونسیئرج پلیٹ فارم پیش کرتی ہے، جو مہمانوں کی خدمات (جیسے کھانے کا آرڈر، ہاؤس کیپنگ کی درخواست، سپا بُکنگ وغیرہ) کو چَیٹ یا وائس انٹرفیس کے ذریعے ہوٹل سسٹم سے منسلک کرتی ہے، تاکہ خودکار اور مؤثر سروس فراہم کی جا سکے۔
6. ایز بائیک (ezBike)
ایز بائیک اسلام آباد میں قائم ایک موبیلٹی اسٹارٹ اپ ہے جسے روامر ٹیکنالوجیز چلاتا ہے۔ یہ کمپنی الیکٹرک بائکس اور اسکوٹرز متعارف کرواتی ہے اور بیٹری سویپنگ انفراسٹرکچر بھی فراہم کرتی ہے۔
ان کا مقصد پاکستان میں صاف، سستی اور مؤثر لاسٹ مائل ٹرانسپورٹیشن فراہم کرنا ہے۔
کمپنی نے تقریباً 10 لاکھ امریکی ڈالر کی سیڈ/پری سیڈ سرمایہ کاری حاصل کی ہے اور پہلے ہی ڈیلیوری فلیٹس کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
7. برینسوارم روبوٹکس (Brainswarm Robotics)
اس سال کے جائٹیکس میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والا ایک اور اسٹارٹ اپ برینسوارم روبوٹکس بھی شامل تھا، جو روبوٹکس اور اسٹیم ایجوکیشن کے آلات تیار کرتا ہے۔ یہ ادارہ اسکولوں اور یونیورسٹیوں کے لیے روبوٹکس کِٹس ڈیزائن کرتا ہے اور اکیڈمک و انجینئرنگ ایجوکیشن کے شعبے میں کام کرتا ہے۔
8. نقشہ جی پی ٹی (NaqshaGPT)
نقشہ جی پی ٹی ایک مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی اسٹارٹ اپ ہے جو سادہ الفاظ میں لوگوں کو یہ سہولت دیتا ہے کہ وہ صرف عام زبان میں سوالات ٹائپ کرکے نقشے بنا اور سمجھ سکیں۔
ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز کے نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی اے ٹی) کے مطابق، نقشہ جی پی ٹی ان اسٹارٹ اپس میں شامل ہے جو ان کے زیرِ انکیوبیشن ہیں۔ ایک لنکڈ اِن پوسٹ میں، این آئی سی اے ٹی نے بتایا کہ اس اسٹارٹ اپ نے مصنوعی ذہانت اور جیو اسپیشل اختراعات کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے تین بین الاقوامی مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے۔
ان میں سے ایک معاہدہ فرانس کی میریئن ویدر انٹیلیجنس کے ساتھ ہوا، جس کا مقصد اے آئی اور جیو اسپیشل اینالیٹکس کے ذریعے سمندری راستوں کو بہتر بنانا ہے۔
دوسرا معاہدہ جنوبی کوریا کی کمپنی کُن (کے کے یو این) کے ساتھ ہوا، جو نقشہ جی پی ٹی کے ساتھ مل کر اسمارٹ اسپیشل ٹیکنالوجی کے ذریعے فلیٹ مینجمنٹ سسٹمز کو جدید بنائے گی۔
تیسرا معاہدہ چین کی یوکلاؤڈ کے ساتھ ہوا، جو نقشہ جی پی ٹی کو محفوظ، قابلِ توسیع کلاؤڈ انفراسٹرکچر پر چلائے گا۔
9. نجومی (Najoomi)
نجومی ٹیکنالوجیز پاکستان میں قائم ایک مار ٹیک اور سی ایکس ٹیک اسٹارٹ اپ ہے، جو کاروباری اداروں کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی کسٹمر ایکسپیرینس حل فراہم کرتا ہے۔
اس کے دو نمایاں پروڈکٹس ہیں:
کوئک ٹاک — ایک اومنی چینل اے آئی کانٹیکٹ سینٹر، جو مختلف چینلز (آواز، چیٹ، اور سوشل میڈیا) پر کسٹمر سپورٹ کو خودکار بناتا ہے۔ ایکسپیریا — ایک ریئل ٹائم کال اینالیٹکس پلیٹ فارم، جو کاروباری اداروں کو گاہکوں کے ساتھ مؤثر رابطہ اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی میں مدد دیتا ہے۔
نجومی 2024 میں قائم ہوا اور اس کا ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ہے۔ کمپنی نے نیٹیل جیسے اداروں کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ خودکار نظام اور اینالیٹکس کے ذریعے کسٹمر سروس کو بہتر بنایا جا سکے۔
10. مارکیٹنگ ایکسیلیریٹ (Entropy & Co.)
آخر میں مارکیٹنگ ایکسیلیریٹ کا ذکر ہے، جو مصنوعی ذہانت پر مبنی گروتھ مارکیٹنگ فراہم کرتی ہے۔ یہ کمپنی ورک فلو کی خودکار ترتیب (آٹومیشن)، لیڈ جنریشن کے لیے اے آئی ایجنٹس، اور کنٹینٹ و ایس ای او حکمتِ عملی میں مدد فراہم کرتی ہے۔
پاکستان پویلین
جائٹیکس کے مرکزی ایونٹ میں پاکستان کا ایک خصوصی پویلین بھی قائم کیا گیا تھا، جس میں 26 مستند آئی ٹی کمپنیوں نے شرکت کی۔ یہ پویلین ملاقاتوں، سرمایہ کاری کے نیٹ ورکنگ، اور پارٹنرشپ کے اعلانات کے لیے ایک مرکزی مرکز کے طور پر کام کر رہا تھا۔
شرکا کو وہاں لائیو ڈیموز، جدید ٹیکنالوجی اختراعات، اور کاروباری رابطہ سازی کے سیشنز دیکھنے کا موقع ملا، جن کا مقصد پاکستان کے عالمی ٹیکنالوجی تجارت میں کردار کو مستحکم بنانا تھا۔
پویلین کی افتتاحی تقریب وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام، شزا فاطمہ خواجہ کی سربراہی میں منعقد ہوئی۔

شزا فاطمہ کے مطابق جائٹیکس گلوبل میں پاکستان کی شرکت ہمارے اعتماد، صلاحیت، اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار مستقبل کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، جو وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت اور ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے وژن کے تحت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان، ہنرمند افرادی قوت اور تیزی سے بڑھتی ہوئی آئی ٹی برآمدات کی بنیاد پر، پاکستان اب عالمی ٹیکنالوجی معیشت میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ پاکستان پویلین نہ صرف ہماری اختراع کی نمائندگی کرتا ہے بلکہ دنیا کو ترقی میں شراکت کی دعوت بھی دیتا ہے۔
وزارت کا مقصد اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی اسٹارٹ اپس اور کاروباری صلاحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، اور کاروباری ترقی کے مواقع پیدا کرنا تھا۔
جائٹیکس گلوبل 2025 کا اختتام 18 اکتوبر کو ہوا — پانچ روزہ ایونٹ کے بعد جس میں مصنوعی ذہانت، ڈیٹا انفراسٹرکچر، سائبر سیکیورٹی، کوانٹم ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل ہیلتھ اور بائیوٹیک کے شعبوں میں بڑی ڈیلز اور نئی جدتیں پیش کی گئیں۔ پریس ریلیز کے مطابق، اس سال کے ایونٹ میں 6,800 سے زائد نمائش کنندگان، 2,000 اسٹارٹ اپس (180 ممالک سے) اور 1,200 سرمایہ کاروں نے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور دبئی ہاربر میں شرکت کی۔






















Comments
Comments are closed.