پاکستان میں اے آئی سے چلنے والا ای ایس اے اے ایس منصوبہ مکمل، ٹیلی کام شعبے کیلئے پہلا گرین سکوک جاری
پاکستان کے ٹیلی کام اور توانائی کے شعبوں میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھنے والی پیش رفت کے تحت، برلینز گروپ کی کمپنی انفرالیٹرک نے جمعرات کو پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کے لیے پہلے گرین سکوک کے اجراء کا اعلان کیا، ساتھ ہی ملک کے پہلے 25 میگاواٹ گھنٹے اے آئی پر مبنی انرجی اسٹوریج-ایز-اے-سروس (ای ایس اے اے ایس) منصوبے کی کامیاب تکمیل بھی کی، جسے تھنڈر اے آئی کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔
یہ تقریب دو تاریخی سنگِ میلوں کا مظہر تھی: ایک طرف 25ایم ڈبلیو ایچ اے آئی پاورڈ ای ایس اے اے ایس منصوبے کی تکمیل اور دوسری جانب ٹیلی کام سیکٹر کے لیے 3 ارب روپے تک کے گرین سکوک کا اجراء۔
اس منصوبے کے کامیاب نفاذ سے ٹیلی کام ٹاورز کی توانائی کے ڈھانچے میں بڑی تبدیلی متوقع ہے۔ تھنڈر اے آئی بیسڈ بیٹری اسٹوریج کے استعمال سے ڈیزل کا انحصار کم ہوگا اور سالانہ 50 لاکھ لیٹر سے زائد ایندھن کی بچت ممکن ہو گی۔
انفرالیٹرک نے یہ گرین سکوک، انفرازیمن پاکستان کے اشتراک سے متعارف کرایا ہے۔ یہ اقدام شریعت کے مطابق ہے، سو فیصد اصل زر کی ضمانت فراہم کرتا ہے اور ایک توسیع پذیر و پائیدار مالیاتی ماڈل متعارف کراتا ہے جس کے ذریعے کم کاربن، اے آئی پر مبنی جدید ٹیکنالوجیز سے ٹیلی کام ٹاورز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
برلینز گروپ کے سی ای او بلال قریشی نے کہا کہ یہ پاکستان کے ڈیجیٹل اور توانائی کے مستقبل کے لیے تاریخی لمحہ ہے۔ تھنڈر اے آئی پاورڈ ای ایس اے اے ایس اور ٹیلی کام سیکٹر کے لیے پہلے گرین سکوک کے اجرا کے ساتھ ہم یہ ثابت کر رہے ہیں کہ جدت اور پائیداری ترقی کو بیک وقت آگے بڑھا سکتے ہیں۔
وزیر مملکت و وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون نے خطاب میں کہا کہ یہ پاکستان کے لیے واقعی ایک تاریخی دن ہے۔ ملک کے پہلے 25ایم ڈبلیو ایچ اے آئی پاورڈ ای ایس اے اے ایس منصوبے کی تکمیل اور ٹیلی کام سیکٹر کے لیے پہلے گرین سکوک کا اجرا ایک بڑا سنگِ میل ہے۔ یہ اقدامات نہ صرف ہزاروں ٹیلی کام ٹاورز کو جدید بنائیں گے بلکہ کاربن کے اخراج میں کمی، سبز سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت و ماحول دونوں کو تقویت دیں گے۔
انفرازیمن پاکستان کی سی ای او ماہین رحمن نے کہا کہ انفرالیٹرک گرین سکوک کے لیے بہترین امیدوار ہے۔ یہ اقدام پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں پائیدار فنانس کے نئے در وا کرے گا اور نجی سرمایہ کو بڑے پیمانے پر متحرک کرنے میں مدد دے گا۔
اس تقریب میں حکومت کے نمائندوں، ٹیلی کام سیکٹر کے رہنماؤں اور بینکاری و مالیاتی ماہرین نے شرکت کی۔ ایک پینل ڈسکشن میں نمایاں ماہرین نے ٹیلی کام انرجی کے منظرنامے میں پائیدار فنانس اور اے آئی پر مبنی ڈھانچے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

























Comments
Comments are closed.