برطانیہ میں منعقدہ دنیا کے معروف اور باوقار ایئر شو ”رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025“ میں پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے طیاروں نے بین الاقوامی سطح پر شاندار کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے عالمی ایوارڈز اپنے نام کیے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے سی-130 طیارے نے ایئر شو میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور اسے کنکور ڈی الیگانس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اسی ایئر شو میں پاکستان کے جدید ترین لڑاکا طیارے جے ایف-17 سی بلاک تھری نے اسپرٹ آف دی میٹ ٹرافی اپنے نام کی۔ یہ وہی طیارہ ہے جس نے معرکۂ حق کے دوران بھارتی فضائیہ کو بھرپور جواب دیا تھا۔
یہ اعزازات پاکستان ایئر فورس کے فضائی مہارت، ٹیکنیکل صلاحیت اور پیشہ ورانہ تربیت کے عالمی سطح پر اعتراف کا مظہر ہیں۔
جے ایف-17 سی بلاک تھری کی ایک اور نمایاں خصوصیت یہ رہی کہ اس نے پاکستان سے برطانیہ تک مسلسل، بغیر کسی توقف کے، ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ کے ذریعے سفر طے کیا — جو پاکستان کی جدید دفاعی ٹیکنالوجی کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔
یہ بین الاقوامی اعزاز نہ صرف پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو جیسے معتبر ایونٹ میں کامیابی، پاکستان ایئر فورس کی صلاحیتوں کے عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے کا عملی ثبوت بھی ہے۔






















Comments
Comments are closed.