قدرتی آفات کے نتیجے میں درپیش صورتحال سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے جمعے کو گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے لیے گلیشیئر جھیل کے اچانک سیلاب (گی ایل او ایف) کا الرٹ جاری کیا ہے، جس میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور آنے والے موسمی نظام کے باعث خطرات کا سامنا کرنے والی وادیوں میں ممکنہ سیلاب کی وارننگ دی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کی پریس ریلیز کے مطابق ملک کے شمالی علاقہ جات میں مسلسل بلند درجہ حرارت کی وجہ سے برف اور گلیشیئر کے پگھلنے کی رفتار بڑھنے کا خدشہ ہے جو موجودہ اور آئندہ ہفتے میں اچانک سیلاب کے واقعات کے امکانات کو بڑھا رہا ہے۔

اتھارٹی نے تمام وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں، متعلقہ محکموں اور بلدیاتی انتظامیہ کو انتہائی چوکس اور مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

قدرتی آفات کے نتیجے میں درپیش صورتحال سے نمٹنے کے صوبائی اداروں پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، جن میں پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا اور جی بی ڈی ایم اے شامل ہیں، کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خطرناک گلیشیئر جھیلوں کی نگرانی کو تیز کریں اور زیادہ خطرے والے علاقوں میں انخلا کی مشقیں کرائیں۔

ریسکیو خدمات جیسے ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، فائر بریگیڈز اور ایمبولینس یونٹس الرٹ پر رکھ دیے گئے ہیں جبکہ این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں عوامی آگہی مہمات کو بھی تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نالوں، نہروں اور تیز بہنے والے پانی کے راستوں کے قریب غیر ضروری طور پر جانے سے گریز کریں اور خاص طور پر نشیبی علاقے میں انتہائی احتیاط برتیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مسافروں کی مدد کریں اور ہنگامی صورتحال میں راستوں کی مناسب طریقے سے بندوبست کریں، اس ضمن میں نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس (این ایچ اینڈ ایم پی) کے ساتھ تعاون کریں۔

این ڈی ایم اے نے ہدایت دی ہے کہ نامزد شدہ انخلا کے مقامات مکمل طور پر فعال اور ہنگامی ساز و سامان سے بھرپور رکھے جائیں۔ ردعمل کے آلات کو اہم مقامات پر پہلے سے تیار رکھنا ہوگا، جس کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او)، اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) محکموں کی معاونت سے راستوں کی بروقت صفائی اور بحالی کو یقینی بنایا جائے۔

سیاحوں کو سختی سے خبردار کیا گیا ہے کہ وہ گلیشیئر کے قریب ٹریکنگ یا تصاویر لینے سے گریز کریں کیونکہ اس خطے میں حادثات کے خطرات بہت زیادہ ہیں۔ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈ کے خطرے والے علاقوں کا تفصیلی نقشہ متعلقہ اداروں میں تقسیم کیا جا چکا ہے تاکہ موثر ردعمل کی منصوبہ بندی کی جا سکے۔

این ڈی ایم اے نے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ممکنہ خطرات کے زد میں آنے والی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنائے گا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکس رہیں، سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور پاکستان این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں تاکہ وقتاً فوقتاً تازہ ترین معلومات اور رہنمائی حاصل ہو سکے۔

Comments

200 حروف