پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 30 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک
- افغان حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی سرزمین کو غیر ملکی ایجنٹوں کے ہاتھوں پاکستان کے خلاف دہشتگرد کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے، آئی ایس پی آر
شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے موثر کارروائی میں 30 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے جمعہ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ یکم اور دو، اور دو اور تین جولائی 2025 کی درمیانی شب، سیکیورٹی فورسز نے پاک-افغان سرحد کے راستے دراندازی کی کوشش کرنے والے بھارت کے حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت محسوس کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افواج پاکستان نے مؤثر حکمتِ عملی کے تحت بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، اس کارروائی میں تمام 30 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک کردیے گئے۔
مارے گئے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان حکومت کو بھی یہ ذمہ داری نبھانی چاہیے کہ وہ اپنی سرزمین کو غیر ملکی ایجنٹوں کے ہاتھوں پاکستان کے خلاف دہشتگرد کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز مادرِ وطن کی سرحدوں کے دفاع اور بھارت کی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہیں۔
دریں اثنا صدرمملکت آصف علی زرداری نے فتنۃ الخوارج کے 30 دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے مضبوط دیوار کی طرح ڈٹی ہوئی ہیں۔
انہوں نے ملک سے دہشت گردی کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ جھڑپوں میں بھارتی بھارتی حمایت یافتہ 5 خوارج کو ہلاک کردیا تھا۔
Comments