سیمنٹ سیکٹر نے موجودہ مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران مقامی طلب میں 1.94 فیصد کی منفی شرح نمو کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ مقامی طلب سیمنٹ سیکٹر کی غیر استعمال شدہ صلاحیت کے استعمال کیلئے کلیدی کردار ادا کرتی ہے جو ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی کیلئے بھی اہم ہے۔
ال پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے ترجمان نے کہا کہ سیمنٹ انڈسٹری سے منسلک بہت سی دیگر صنعتیں جیسےاسٹیل، پینٹ، الیکٹریکل اشیاء وغیرہ بھی ترقی کرتی ہیں اور تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ مجموعی معیشت کو فروغ دیتا ہے۔
ترجمان نے امید ظاہر کی کہ حکومت آئندہ بجٹ میں صنعت کی اپیل پر غور کرے گی اور سیمنٹ پر ڈیوٹیز اور ٹیکسز میں کمی کے اقدامات کرے گی تاکہ سیمنٹ عوام کی پہنچ میں آسکے۔
دوسری جانب ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران ملکی سیمنٹ کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 1.94 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مقدار کے لحاظ سے، جولائی 2023 سے مئی 2024 کے دوران فروخت 35.1 ملین ٹن تھی جو جولائی 2024 سے مئی 2025 کے دوران 34.4 ملین ٹن تک گرگئی۔ تاہم برآمدات میں 25.73 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں 11 ماہ کے دوران سیکٹر نے معمولی 2.46 فیصد نمو دیکھی۔
دوسری جانب مئی 2025 میں سیمنٹ کی فروخت میں 8.57 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو 4.651 ملین ٹن رہی جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 4.284 ملین ٹن سیمنٹ فروخت ہوئی تھی۔ مئی 2025 میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 3.662 ملین ٹن رہی جو مئی 2024 کی 3.362 ملین ٹن فروخت کے مقابلے میں 8.93 فیصد زیادہ ہیں۔ برآمدات میں بھی 7.27 فیصد اضافہ ہوا اور سیمنٹ کا برآمدی حجم 0.922 ملین ٹن سے بڑھ کر 0.989 ملین ٹن ہو گیا۔
رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت (ملکی و برآمدات) 42.764 ملین ٹن رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 41.739 ملین ٹن کے مقابلے میں 2.46 فیصد زیادہ ہیں۔ اس عرصے میں ملکی فروخت 34.419 ملین ٹن رہیں، جو گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 35.102 ملین ٹن تھیں، یوں 1.94 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب، برآمدات میں 25.73 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جو موجودہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران بڑھ کر 8.345 ملین ٹن ہو گئیں جب کہ گزشتہ سال اسی مدت میں برآمدات 6.637 ملین ٹن تھیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025






















Comments
Comments are closed.