وزیر اعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ کا علاقائی کشیدگی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
- وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کے دیرینہ کردار کو اجاگر کیا
- بھارت کا اشتعال انگیز رویہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے
وزیراعظم شہباز شریف کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کے روز ٹیلی فون کیا جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی پیش رفت، انسداد دہشت گردی میں تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
یہ ٹیلیفونک رابطہ پہلگام واقعہ کے بعد جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ وزیراعظم نے علاقائی صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کے دیرینہ کردار کو اجاگر کرتے ہوئے 90 ہزار سے زائد جانوں کے ضیاع اور 152 ارب ڈالر سے زائد کے معاشی نقصانات کا حوالہ دیا۔
شہباز شریف نے بھارت کے اشتعال انگیز اور کشیدگی بڑھانے والے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات پاکستان کی جاری انسداد دہشت گردی کارروائیوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، خصوصاً ان گروہوں کے خلاف جو ان کے بقول افغان سرزمین سے سرگرم ہیں، جیسے داعش خراسان ، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے)۔
وزیر اعظم نے پہلگام واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو واضح طور پر مسترد کردیا اور شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ بھارت کو کشیدگی کم کرنے اور اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرنے کی ترغیب دے۔
شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے پانی کو ہتھیار بنانے کے مبینہ اقدام پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات سے 24 کروڑ پاکستانیوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ جاتی ہیں اور سندھ طاس معاہدے کی روح کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاہدہ کسی بھی فریق کی طرف سے یکطرفہ معطل کرنے یا اس کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔
جموں و کشمیر کے مسئلے پر وزیر اعظم نے پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا کہ جنوبی ایشیا میں طویل مدتی استحکام کے لئے پرامن حل ضروری ہے۔
دوطرفہ تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان سات دہائیوں سے مضبوط شراکت داری ہے اور دونوں فریق اہم شعبوں بالخصوص انسداد دہشت گردی اور معاشی ترقی میں تعاون کو وسعت دے سکتے ہیں۔ انہوں نے معدنیات کے شعبے میں مواقع کا خصوصی طور پر ذکر کیا جو تعاون کو بڑھانے کے لئے ایک ممکنہ شعبہ ہے۔
وزیر اعظم نے گزشتہ ایک سال کے دوران اپنی حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی معاشی اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی اور دعویٰ کیا کہ ان اقدامات نے پاکستان کو معاشی بحالی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔
وزیر خارجہ روبیو نے تفصیلی تبادلہ خیال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان رابطے جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
























Comments
Comments are closed.