وزیر داخلہ کا پہلگام حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ، بھارت کے بے بنیاد الزامات مسترد
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کے روز اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے حالیہ پہلگام حملے کی غیر جانبدارانہ اور بین الاقوامی تحقیقات میں مکمل تعاون کی پیش کش کی ہے اور پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارت کے الزامات کو ”بے بنیاد اور سیاسی محرکات“ قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے نئی دہلی پر الزام عائد کیا کہ وہ بغیر کسی ثبوت کے اسلام آباد کو مورد الزام ٹھہرارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور ہم عالمی سطح پر اس طرح کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں۔
لیکن بھارت کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات صرف ہمیں بدنام کرنے کے اس کے ایجنڈے کو بے نقاب کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے پاس بھارت کی جانب سے دہشت گردی کی سرپرستی کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو ہماری قوم غیر متزلزل عزم کے ساتھ جواب دے گی۔
محسن نقوی نے بھارت کے الزامات کو وسیع تر جغرافیائی سیاسی حسد سے جوڑتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بھارت پاکستان کی معاشی ترقی کو برداشت نہیں کر سکتا اور جھوٹے بیانیے کے ذریعے ہمیں تنہا کرنا چاہتا ہے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسلام آباد خود کو شفافیت کے حامی کے طور پر پیش کر رہا ہے اور نئی دہلی کو چیلنج کر رہا ہے کہ وہ ’قبل از وقت انگلی اٹھانے‘ کے بجائے غیر جانبدارانہ تحقیقات کو قبول کرے۔
























Comments
Comments are closed.