وزیراعظم شہباز شریف کل 2 روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے
وزیراعظم شہباز شریف کل دو روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے جہاں وہ دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کریں گے۔
ریڈیو پاکستان نے ہفتے کے روز اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف یہ دورہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر کر رہے ہیں۔
سربراہ اجلاس میں بڑی تعداد میں سربراہان مملکت و حکومت، عالمی پالیسی ساز اور نجی شعبے کی معروف شخصیات حکمرانی، جدت طرازی اور بین الاقوامی تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کریں گی۔
مارچ 2024 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا متحدہ عرب امارات کا دوسرا دورہ ہے۔
ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح وفد بھی جائے گا جس میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر اہم ارکان شامل ہوں گے جو متحدہ عرب امارات اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے پاکستان کے پختہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں اہم خطاب کریں گے جس میں جامع اقتصادی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی اور گورننس اصلاحات کے لیے پاکستان کے وژن کو اجاگر کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے اورسمٹ میں شریک ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت اور بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سرکردہ سی ای اوز سے بھی بات چیت کریں گے۔
وزیراعظم کا یہ دورہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، وسیع تر اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور باہمی خوشحالی کے لئے شراکت داری کی نئی راہیں تلاش کرنے کے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔























Comments
Comments are closed.