دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ لبنان میں پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے کرائسز مینجمنٹ یونٹ (سی ایم یو) قائم کیا گیا ہے۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل نے اپنی جارحیت لبنان کی طرف منتقل کرتے ہوئے اس کے متعدد شہروں کو نشانہ بنایا اور حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ سمیت سیکڑوں افراد کو شہید کردیا۔

بیان کے مطابق حکومت اور بیروت میں پاکستانی سفارتخانہ لبنان میں بحرانی صورتحال میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دفتر خارجہ نے کرائسز مینجمنٹ یونٹ کو فعال کر دیا ہے۔

دفتر خارجہ نے لبنان میں مقیم پاکستانی شہریوں اور ان کے اہل خانہ سے کہا ہے کہ وہ درج ذیل تفصیلات پر سی ایم یو سے رابطہ کریں:

لینڈ لائن: 051-9207887

سیل / واٹس ایپ نمبر:

00961-81669488

00961-81815104

ای میل: [email protected]

رواں ہفتے کے اوائل میں دفتر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ جاری تنازع کے دوران لبنان کا سفر نہ کریں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان میں حالیہ حملوں کے پیش نظر پاکستانی شہریوں کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ تاحکم ثانی لبنان کا سفر نہ کریں۔

بیان میں لبنان میں مقیم پاکستانی شہریوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دستیاب کمرشل پروازوں سے بیرونی سفر کریں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ مخصوص وجوہات کی بنا پر لبنان نہیں چھوڑ سکتے انہیں انتہائی احتیاط برتنے اور محفوظ علاقوں میں منتقل ہونے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

Comments

200 حروف