وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک پر زور دیا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے سب سے زیادہ خطرے سے دوچار ممالک کیلئے اضافی وسائل فراہم کرے۔
یہ گفتگو اے بی ڈی کے صدر مساتسوگو اسکاوا اور احد چیمہ کی قیادت میں ایک پاکستانی وفد کے درمیان اے بی ڈی کے بورڈ آف گورنرز کے 57ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کے دوران ہوئی۔
بات چیت کے دوران، مساتسوگو نے پاکستان کے لیے اے بی ڈی کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔
اے ڈی بی کے صدر نے پاکستانی حکام کی جانب سے ملک میں معاشی استحکام کے لیے اٹھائے گئے سخت اقدامات کو سراہا۔
صدر اے ڈی بی نے پاکستان کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، موسم اور آفات سے نمٹنے کے لیے صلاحیت بڑھانے، مقامی وسائل کو متحرک کرنے، خواتین کو شامل کرنے سمیت مالیات اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے فروغ کیلئے اپنی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔
پاکستان کے لیے اے ڈی بی کی دیرینہ حمایت کو سراہتے ہوئے احد چیمہ نے صدر کو حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی کئی اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا، جن میں ٹیکس ریونیو میں اضافہ، توانائی کے شعبے کی مالیاتی استحکام کو بہتر بنانا، غیر ہدف شدہ سبسڈیز میں کمی اور سماجی تحفظ کو بڑھانا شامل ہے۔
احد چیمہ نے اے ڈی بی کی جاری ادارہ جاتی اور مالیاتی اصلاحات، کیپٹل ایڈیکیسی فریم ورک کے جائزے کی کامیاب تکمیل اور ترقی پذیر رکن ممالک کی مدد کے لیے اگلے 10 سالوں میں 100 ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ کو سراہا۔
احد چیمہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اے ڈی بی کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
قبل ازیں،اے ڈی بی کے بورڈ آف گورنرز کے بزنس سیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے احد چیمہ نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کی صلاحیت کو بڑھانے کے وسیع پروگرام کے لیے اسلام آباد کے پختہ عزم کو اجاگر کیا۔
احد چیمہ نے کہا کہ اصلاحات کے نتیجے میں افراط زر میں بہتری اور معاشی نمو میں کچھ بحالی کے ساتھ معیشت اب استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، مقامی وسائل کو متحرک کرنے، انسانی سرمائے کی ترقی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں اے ڈی بی کی مضبوط حمایت کی ضرورت پر زور دیا۔























Comments
Comments are closed.