پاکستان میں سول سروس کا المیہ
جب آپ اس مضمون کو پڑھنا ختم کریں گے تو آپ کے سامنے پاکستان کی انتظامی نااہلی کا پردہ فاش ہوجائیگا۔ اس سے قوم کو لاحق مسائل کے حقیقی ذمہ دار، ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ (ڈی ایم جی)، جو ترقی کے نام نہاد ذمہ دار ہیں، آشکار ہوجائیں گے اور یہی درحقیقت افرا تفری کے رکھوالے یا ذمہ دار ہیں۔
اگر آپ اپنے اطراف نظر دوڑائیں تو آپ کو معاشرے کے ہر پہلو پر نااہلی کے واضح نشانات نظر آئیں گے۔ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ فرسودہ سمجھے جانے والے معاہدوں سے لے کر گندم کی غلط وقت پر درآمدات، ہمارے شہروں میں سالانہ سیلاب سے لے کر اپنی پولیس فورس سے خوف تک ناکامیوں کی یہ لامتناہی فہرست ان متعلقہ افراد سے منسوب ہے, تاہم نظام کی خرابی کی اصل وجہ کیا ہے؟
یہ صلاحیت کی کمی نہیں ہے بلکہ جزوی قابلیت کی لعنت ہے جو ہماری سول سروس کو متاثر کرتی ہے۔ یہ بیوروکریٹس، جن کی تربیت بہترین اکیڈمیوں میں کی جاتی ہے، درحقیقت متضاد طور پر ترقی کے معمار اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹ دونوں ہیں۔
ان کی جزوی قابلیت خطرناک ہے ، نظام کو رواں دواں رکھنے کے لیے ان کی کچھ مہارت تو کافی ہوسکتی ہے لیکن یہ مطلوبہ انقلاب ، تبدیلی یا جدت لانے کیلئے ناکافی ہے۔
یہ بیوروکریٹس جن اکیڈمیوں میں تربیت حاصل کرتے ہیں دراصل ان کیلئے پناہ گاہ کے طور پر کام کرتی ہیں کیوں کہ وہ انہیں تیزی سے ترقی کرتی دنیا کے تقاضوں سے محفوظ رکھتی ہے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں پرانے نظریات اور فرسودہ طرز عمل کا احترام کیا جاتا ہے اور جہاں عصری نظریات کو اپنانے کی تجویز کو حقیر سمجھا جاتا ہے۔
اس ماحول میں اوسط درجے کی صلاحیت پروان چڑھتی ہے اور ترقی کی کوئی بھی علامت یا خواہش روایت کے وزن تلے دب جاتی ہے۔
تاہم ماضی کی افسانوی لعنتوں کے برعکس جزوی قابلیت کی لعنت ایسی نہیں جسے تبدیل نہ کیا جاسکے۔ اسے ہماری سول سروس کی بنیادوں کو ٹھیک کرنے کی ٹھوس کوششوں کے ذریعے ختم کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے روایتی اصلاحات اور کاسمیٹک تبدیلیوں سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ سوچ میں ایک بنیادی تبدیلی کا مطالبہ کرتا ہے۔ یہ تبدیلیاں خواہشات کی تسکین کو مسترد اور حکمرانی کی ہر سطح پر بہترین کارکردگی کے عزم کا مطالبہ کرتی ہیں۔
وقت آچکا ہے کہ جزوی قابلیت کا پردہ چاک کردیا جائے اور ان لوگوں سے مزید کا مطالبہ کیا جائے جو ہماری رہنمائی کا دعویٰ کرتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ پرانے نظام کو چیلنج کیا جائے اور حکمرانی کے ایک نئے دور کو قبول کیا جائے جس کی خصوصیات قابلیت، جدت اور احتساب ہو۔ ایسا ہونے پر ہی ہم نااہلی کے طوق سے آزاد ہو سکتے ہیں اور پاکستان کی حقیقی صلاحیت کو سامنے لا سکتے ہیں۔
یہ پوری سول سروس کو ختم کرنے کا مطالبہ نہیں ہے، بلکہ خود شناسی اور اصلاح کا مطالبہ ہے۔
وہ اکیڈمی جو قوم کے رہنما پیدا کرنے پر فخر کرتی ہے اسے 21ویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ اسے اپنے فرسودہ نصاب کو ختم کرنا چاہیے اور جدید عصری علوم کو اپنانا چاہیے اور حقیقی معنوں میں قابل رہنماؤں کی ایک ایسی نسل کو پروان چڑھانا چاہیے جو پاکستان کو جزوی قابلیت کی دلدل سے نکال کر ایک روشن مستقبل کی طرف لے جا سکے۔
صرف ایسا ہونے پر ہی ہم غفلت کی بیڑیوں سے آزاد ہو سکتے ہیں اور قوم کی حقیقی صلاحیتوں کو سامنے لاسکتے ہیں۔ لیکن میرے شہر کے ہر حصے کی طرح ہمارا ملک مسلسل مشکلات کیخلاف جدوجہد جاری رکھا ہوا ہے، میں دیکھ رہا ہوں کہ دنیا بھر کے ممالک سے کامیابی کی کہانیاں سامنے آتی ہیں جب کہ ہم پیچھے رہ گئے ہیں اور مواقع کھو رہے ہیں۔ ریاستی اداروں میں میرے ساتھ جس طرح کا سلوک کیا جاتا ہے وہ بحیثیت شہری ہماری ناامیدی کے اجتماعی احساس کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم اپنے حالات کے اتنے عادی ہو چکے ہیں کہ شکایت کرنا بے معنی محسوس ہوتا ہے۔























Comments
Comments are closed.