فوڈ ایگ خریداروں سے رابطے تیز کیے جائیں، تجارتی افسران کو جام کمال کی ہدایت
- بین الاقوامی کمپنیوں کیلئے نمائش میں مخصوص جگہ مختص کرنے پر بھی زور
وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے پاکستان کے تجارتی و سرمایہ کاری افسران (ٹی آئی اوز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ چوتھی فوڈ ایگ پاکستان نمائش کے دوران ملاقات کرنے والے بین الاقوامی خریداروں سے فوری رابطہ کریں اور کاروباری مذاکرات کو برآمدی آرڈرز اور طویل المدتی شراکت داریوں میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔
ہفتے کو جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان کے مطابق چوتھی فوڈ ایگ پاکستان نمائش کے کراچی میں اختتام کے بعد جام کمال خان نے تجارتی و سرمایہ کاری افسران (ٹی آئی اوز) اور دیگر تجارتی حکام کے ساتھ نمائش کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد کیا۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ بین الاقوامی خریداروں اور پاکستانی نمائش کنندگان سے رابطے جاری رکھیں تاکہ کاروباری مذاکرات کو برآمدی آرڈرز اور طویل المدتی تجارتی شراکت داریوں میں تبدیل کیا جاسکے۔
وفاقی وزیر کو پیشرفت سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی جس میں انہوں نے نمائش کے دوران افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور بین الاقوامی خریداروں اور کاروباری وفود کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں اور روابط کے حوالے سے ان کی آرا بھی معلوم کیں۔
انہوں نے بین الاقوامی وفود کو پاکستان لانے، بیرونِ ملک خریداروں کو پاکستانی سپلائرز سے متعارف کرانے اور متعلقہ منڈیوں میں پاکستان کی تجارت کو فروغ دینے کے لیے افسران کی کوششوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر نے افسران اور منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ نمائشوں میں کاروباری روابط کے قیام اور دورے پر آنے والے وفود کی معاونت کو مزید مؤثر بنانے کے لیے خریداروں اور نمائش کنندگان کی آرا سے استفادہ کریں۔
انہوں نے بین الاقوامی کمپنیوں کیلئے نمائش میں مخصوص جگہ مختص کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ ان کی شرکت سے پاکستانی کاروباری اداروں کو مشترکہ منصوبوں اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔
یورپی، چینی اور دیگر کاروباری وفود کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے جام کمال خان نے زرعی مشینری، فوڈ پروسیسنگ، ذخیرہ اندوزی اور گوداموں کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن اور بین الاقوامی معیارات پر عملدرآمد پاکستانی پیداواری اداروں کو غذائی اشیا کی برآمدات بڑھانے اور نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے نمائش کے دوران بین الاقوامی وفود کی سہولت کاری کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)، وزارتِ تجارت کے حکام اور انتظامی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔


Comments